پاکستان میں بی وائی ڈی کا مقامی اسمبلی پلانٹ تعمیر کے آخری مراحل میں، 2026 کی دوسری ششماہی میں تیار ہو جائے گا

گھارو میں قائم نیو انرجی گاڑیوں کے پلانٹ میں مشینری کی تنصیب اور آزمائشی عمل جاری، 18 ماہ سے کم عرصے میں تیز ترین تعمیراتی پیش رفت
عالمی معیار کے مطابق پیداوار یقینی بنانے کے لیے آزمائشی تیاری اور کوالٹی چیکس کے بعد باقاعدہ آغاز کیا جائے گا
کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بی وائی ڈی اور میگا موٹر کمپنی کا مقامی اسمبلی پلانٹ 2026 کی دوسری ششماہی میں تیار ہوجائے گا۔ بی وآئی ڈی۔ میگا موٹر کمپنی کا گھارو میں بنایا جانے والا نیا نیو انرجی گاڑیوں کا اسمبلی پلانٹ تعمیر کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ پلانٹ میں مشینری اور دیگر آلات کی تنصیب اور جانچ کا عمل جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق پلانٹ 2026 کی دوسری ششماہی میں کام شروع کر دے گا۔

یہ پلانٹ 18 ماہ سے بھی کم عرصے میں تعمیر کیا گیا ہے، جو پاکستان میں اس حجم کے گاڑیوں کی تیاری کے منصوبوں میں تیز ترین تعمیراتی پیش رفت میں شامل ہے۔
بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی تیاری شروع کرنے سے پہلے پلانٹ میں مشینری کی مکمل جانچ، گاڑیوں کی آزمائشی تیاری اور معیار کی جانچ کی جائے گی۔ اس عمل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پلانٹ میں تیار ہونے والی گاڑیاں بی وآئی ڈی کے عالمی معیار کے مطابق ہوں۔
ان تمام مراحل کی تکمیل کے بعد بی وآئی ڈی۔ ایم ایم سی مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری اور اسمبلی کا باقاعدہ آغاز کرے گا۔ کمپنی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ پیداوار کا معیار برقرار رہے اور گاڑیوں کی تیاری میں یکسانیت قائم رہے۔
