حکومت پیٹرول مہنگا کر کے عوام کی توہین کر رہی ہے، تمہیں اسلام آباد آ کر بتائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول مہنگا کر کے 25 کروڑ عوام کی توہین کر رہی ہے، اب اسلام آباد آ کر بتائیں گے کہ تمہارا کیا حشر کرتے ہیں۔
پیٹرولیم لیوی کے خلاف راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری دھرنے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے، ہم نے لیوی کے خاتمے کیلیے تجاویز دی ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں بلکہ پیٹرول کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے، حکومت نے ہماری اور عوام کی توہین کی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تم کنٹینرز بھی لگا دینا ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں، ہمیں کمزور نہ سمجھو وہاں وہاں سے آئیں گے کہ تمہیں سمجھ بھی نہیں آئے گی، بات کرنی ہے تو بیٹھو بات کرو ڈرامے نہ کرو، لیوی بھتہ ختم کرنے کے علاوہ کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد ٹیکس عائد کیے گئے، آئل کمپنیزز کو ناجائز طریقے سے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے، پیٹرول پر 140 روپے کا ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف خواتین کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ان ظالموں کئے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو حالات نہیں بدلیں گے، حکمرانوں نے سب تباہ کر دیا لیکن اپنے خرچے کم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے عوام کیلیے جینا دوبھر کر دیا ہے، اشرافیہ نے پورے ملک کے نظام پر قبضہ کر رکھا ہے، ہر چیز پر ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن اشرافیہ کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے، غریب کیلیے دو وقت کی روٹی بہت مشکل ہوگئی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتہ ختم کیا جائے یہ حکومت کا جگاڑ ٹیکس ہے، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کیلیے چند پروجیکٹس دکھاتے ہیں، پنجاب میں نویں کلاس کے امتحان میں 52 فیصد طلبہ فیل ہوئے کیونکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 11 ہزار سرکاری اسکول بیچ دیے۔
