یادگارِ فتح کی تقریب میں اذان جبار کی مریم نواز کے ساتھ صفِ اول میں موجودگی پر سوالات اٹھ گئے

لاہور (قدرت روزنامہ)گزشتہ ماہ منعقد ہونے والی یادگارِ فتح کی تقریب کے سیٹنگ پلان اور پروٹوکول کے معاملے پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا جہاں اعلیٰ ریاستی اور عسکری قیادت کے ساتھ صفِ اول میں خاندانی شخصیت کی موجودگی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صحافی ماجد نظامی نے سوال اٹھایا کہ گزشتہ ماہ ہونے والی اس اہم سرکاری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس وقت کے ہونے والے اور اب داماد اذان جبار کس آئینی، قانونی یا سرکاری حیثیت میں صفِ اول میں براجمان تھے؟۔
گزشتہ ماہ یادگارِ فتح کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہونے والے داماد کس حیثیت میں صفِ اول میں موجود تھے؟ کیا مریم نواز کا داماد ہونا اتنی اہم قابلیت ہے کہ وہ صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی کابینہ، آرمی چیف، ائیر چیف مارشل،… pic.twitter.com/J1cQcTwUQY
— Majid Nizami (@majidsnizami) September 13, 2026
انہوں نے حکومتی پروٹوکول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کیا مریم نواز کا داماد ہونا اتنی اہم قابلیت ہے کہ وہ صدرِ مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی کابینہ، آرمی چیف، ائیر چیف مارشل، نیول چیف اور کمانڈر سٹرٹیجک کمانڈ کی صف میں جگہ پائے؟۔
یادگار فتح کی افتتاحی تقریب میں 24اگست کو جب وزیراعلی مریم نواز آئیں تو انکے ساتھ موجود شخصیت کو کوئی نہیں جانتا تھا میں نے بھی تقریب کے دوران ساتھ بیٹھے صحافی دوستوں سے پوچھا کہ یہ ساتھ کون ہیں۔ اب پتا چلا کہ مریم نواز صاحبہ کے اس وقت ہونے والے داماد تھے pic.twitter.com/U5UZM6z9on
— Adil Nizami (@AdilNizami10) September 13, 2026
اسی طرح صحافی عادل نظامی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ 24 اگست کو جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تقریب میں پہنچیں تو ان کے ساتھ موجود شخصیت سے وہاں موجود صحافی بھی نا آشنا تھے، یادگار فتح کی افتتاحی تقریب میں جب وزیراعلیٰ مریم نواز آئیں تو ان کے ساتھ موجود شخصیت کو کوئی نہیں جانتا تھا، میں نے بھی تقریب کے دوران ساتھ بیٹھے صحافی دوستوں سے پوچھا کہ یہ ساتھ کون ہیں؟ اب پتہ چلا کہ مریم نواز صاحبہ کے اس وقت ہونے والے داماد اذان جبار تھے!۔
