واٹس ایپ ویڈیوز اب دگنی اسپیڈ پر، صارفین کیلئے بڑی اپڈیٹ آگئی

لندن (قدرت روزنامہ)اگر آپ کو واٹس ایپ اسٹیٹس پر موجود ویڈیوز دیکھنے میں زیادہ وقت لگتا ہے تو اب یہ انتظار کم ہو سکتا ہے کیونکہ واٹس ایپ ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین اسٹیٹس ویڈیوز کو 2x اسپیڈ پر چلا سکیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے لیے کسی الگ سیٹنگ کو آن کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارف کو اسٹیٹس ویڈیو کی اسکرین کے دائیں جانب انگلی رکھ کر دبانا ہوگا، جیسے ہی انگلی دائیں جانب موجود حصے پر دبائی جائے گی، ویڈیو ڈبل اسپیڈ سے چلنا شروع ہوجائے گی۔
اس کے بعد جیسے ہی صارف انگلی اسکرین سے اٹھائے گا، ویڈیو دوبارہ معمول کی رفتار پر آ جائے گی ، یعنی صارف کو کسی مینیو میں جانے، کوئی سوئچ آن یا آف کرنے یا مستقل طور پر کوئی نئی سیٹنگ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
فی الحال یہ نیا واٹس ایپ اسٹیٹس فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کمپنی اسے عام صارفین کے لیے کب تک جاری کرے گی۔
متعدد اسٹیٹس دیکھنے والوں کیلئے خاص سہولت
واٹس ایپ اسٹیٹس پر مختصر تصاویر کے ساتھ ویڈیوز بھی بڑی تعداد میں شیئر کی جاتی ہیں، اگر کئی کانٹیکٹس نے ویڈیو اسٹیٹس لگائے ہوں تو انہیں مکمل دیکھنے میں خاصا وقت صرف ہوجاتا ہے۔
اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ اسپیڈ کنٹرول فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ صارف صرف اسکرین کے دائیں جانب کسی بھی جگہ انگلی دبا کر ویڈیو کی رفتار 2x کر سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ہر ویڈیو اسٹیٹس پر کام کرے گا یعنی ہم اپنی ضرورت کے مطابق طویل ویڈیوز کو تیزی سے دیکھ سکتے ہیں ۔
فیچر کب تک سب کیلئے دستیاب ہوگا؟
ابھی یہ سہولت صرف آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں نظر آئی ہے، اس لیے عام صارفین تک اس کی رسائی کے بارے میں حتمی تاریخ بتانا ممکن نہیں۔
اگر واٹس ایپ اس فیچر کو کامیاب آزمائش کے بعد تمام صارفین کیلئے جاری کرتا ہے تو اس سے خاص طور پر وہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے جو روزانہ بڑی تعداد میں اسٹیٹس ویڈیوز دیکھتے ہیں ، اس طرح کم وقت میں زیادہ اسٹیٹس دیکھنا ممکن ہوگا اور صارفین کو ہر ویڈیو مکمل رفتار سے دیکھنے کی پابندی بھی نہیں رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert