جھل مگسی: نواب ذوالفقار علی مگسی کے ریسٹ ہاؤس پر مسلح افراد کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور ہلاک

امن فورس، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، حملہ آور اپنے مردہ اور زخمی ساتھیوں کو اٹھا کر فرار


نورانی میں مشترکہ سرچ آپریشن جاری، بھاگ ناڑی میں بھی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ، شہری گھروں میں محصور
ڈیرہ مراد جمالی (ڈیلی قدرت) جھل مگسی کے علاقے نفور میں نواب ذوالفقار علی مگسی کے نجی ریسٹ ہاؤس پر مسلح افراد کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ مقامی قبائل پر مشتمل امن فورس، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں شدید جھڑپیں ہوئیں، جس میں مبینہ طور پر تین حملہ آور ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ کوٹڑہ پر فائرنگ کا سلسلہ اب رک چکا ہے اور واقعے میں مرنے والے اور زخمی ہونے والے حملہ آوروں کو ان کے ساتھی اپنے ہمراہ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب، جھل مگسی کے علاقے نورانی میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
علاوہ ازیں کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں بھی مسلح افراد اور پولیس و سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ شدید فائرنگ کے باعث بھاگ شہر کے بازار اور مارکیٹیں فوری طور پر بند ہو گئیں اور مقامی افراد خوف و ہراس کے باعث اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert