جمعہ، ہفتہ تعلیمی اداروں کی تعطیل؟ محکمہ تعلیم نے حقیقت بتادی

پشاور (قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ کی ہفتہ وار تعطیلات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک جعلی دستاویز شیئر کی جارہی تھی۔ جس کے باعث طلبہ، والدین اور اساتذہ میں تعلیمی اداروں کے ہفتہ وار شیڈول کے حوالے سے ابہام پیدا ہوا۔
مبینہ نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایندھن کی بچت کے اقدامات کے تحت سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 2 ماہ تک ہر ہفتے جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے۔
دستاویز میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ صوبے کے تمام پرائمری و سیکنڈری اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ان دونوں دنوں تعطیل ہوگی جبکہ باقی 4 دن تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ دستاویز مستند سرکاری نوٹیفکیشن نہیں، اس لیے طلبہ اور والدین اس کی بنیاد پر اپنے تعلیمی معمولات میں تبدیلی نہ کریں۔
واضح رہے کہ جون 2026 میں پیٹرولیم بحران کے دوران بھی تعلیمی دن محدود کیے گئے تھے جبکہ تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے سمر کیمپس سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
حکام کے مطابق اس وقت سامنے آنے والی کسی بھی نئی ہدایت یا تعلیمی شیڈول میں تبدیلی کیلئے صرف محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کو ہی معتبر سمجھا جائے۔
