کیا آپ کا ادارہ ’پروف آف لائف سرٹیفکیٹ‘ کی سہولت میں شامل ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پروف آف لائف سرٹیفکیٹ پنشرز کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، کیا آپ کا تعلق اس ادارے سے ہے جو اپنے ملازمین کو یہ سہولت فراہم کررہے ہیں؟
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سے متعلق اہم معلومات جاری کردی ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق مختلف سرکاری اداروں سے وابستہ ملازمین اور پنشنرز بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وفاقی حکومت کے وہ ملازمین جو سول سروس سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں، پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی سہولت میں شامل ہیں، اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں کی وزارتوں کے ملازمین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق بری، فضائی اور بحری فوج کے ملازمین بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جبکہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے لیے بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔
نادرا نے مزید بتایا ہے کہ پی آئی اے، واپڈا، پاکستان ریلوے اور پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین، ای او بی آئی کے پنشنرز اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کیلیے بھی اس سہولت کی فراہمی پر کام جاری ہے۔
اس کے علاوہ ای او بی آئی کے پنشنرز اور دیگر باقی ماندہ سرکاری اداروں کے ملازمین بھی اس سہولت کے دائرے میں شامل ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کا ادارہ مذکورہ فہرست میں شامل ہے تو وہ لازمی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کریں۔
واضح رہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ بنیادی طور پر پنشنرز یا متعلقہ مستحق افراد کی شناخت اور زندگی کی تصدیق کے لیے استعمال ہوتا ہے تاکہ متعلقہ اداروں کے ریکارڈ میں اس شخص کی موجودگی کی تصدیق برقرار رہے۔
نادرا کی جانب سے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد اس عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
