مظفرآباد میں ملزمان کا سیاحتی جوڑے پر تشدد،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

مظفرآباد (قدرت روزنامہ) مظفرآباد کے نواح لنگرپورہ میں سیاحوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دو سے تین افراد کو گاڑی میں موجود ایک مرد اور خاتون پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ملزمان نے مرد کے ساتھ ساتھ خاتون سیاح کو بھی تھپڑ مارے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین سیخ پا ہو گئے اور صارفین نے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

آزاد کشمیر پولیس نے فیس بک پیج پر بتایا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سیٹلائیٹ ٹاون لنگرپورہ ویڈیو سکینڈل میں ملوث تین ملزمان حفیظ الرحمن و شفقت پسران نور زمان سکنہ شالا باغ اور محمد دانش ولد محمد نادر ساکنہ نگدر ضلع نیلم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ پولیس سٹی مظفرآباد نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ تینوں ملزمان کا تعلق لنگرپورہ مظفرآباد سے ہے۔۔صارفین کی جانب سے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ آئندہ کوئی بھی مقامی شخص وہاں آنے والے سیاحوں کے ساتھ ایسا رویہ نہ اپنائے۔