کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب ڈیزل سے بھرا جہاز ’’ہائی پروسپیرٹی‘‘ ریت میں پھنس گیا تھا جسے اب نکال لیا گیا ہے . شپنگ ذرائع کے مطابق جہاز’’ہائی پروسپیرٹی‘‘ کو بنڈل جزیرے کے قریب سے نکالنے کی کوشش کی گئی جس میں کامیابی ملی ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہازصبح ساڑھے7 بجے پھنسا تھا جس کی وجہ سے پورٹ پر برتھنگ متاثر ہوئی تھی .
ترجمان پورٹ قاسم کا کہنا تھا کہ جہاز پھنسنے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں تاہم اب اس بات کا پتہ لگا لیا گیا ہے کہ جہاز انجن فیل ہونے کے سبب ریت میں پھنس گیا تھا . شپنگ ذرائع کاکہنا ہے کہ جہاز کو بنڈل جزیرے کے قریب کھڑا کیا جائے گا .
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل کراچی میں کلفٹن کے ساحل پر بھی کنٹینرز سے لدا بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 پھنس گیا تھا جسے ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخرکامیاب آپریشن کے ذریعے گہرے پانی میں پہنچایا گیا .