ٹرالر اور کار میں خوفناک تصادم، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

نوشہرو فیروز(قدرت روزنامہ) قومی شاہراہ پر ٹرالر اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ہم نیوزکے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ قومی شاہراہ پر مرمتی کام کے باعث پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب قومی شاہراہ پر مرمتی کام جاری تھا۔ ٹرالر اور کار کے درمیان تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوارایک بچی اورخاتوں سمیت پانچوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ضروری کارروائی شروع کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی جبکہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو بھی حادثے کی اطلاع کردی گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کی گئیں، ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے ہمراہ گاؤں احمد خان راجپر روانہ کردی گئیں۔

پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق قومی شاہراہ پر مرمتی کام جاری ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر تھی تاہم حادثہ کس طرح پیش آیا اور اس میں کس کی غفلت شامل تھی، اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس نے حادثے میں ملوث ٹرالر کو تحویل میں لے لیا ہے اورواقعے سے متعلق شواہد جمع کیے جارہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

مراد علی شاہ کا اظہار افسوس
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوشہرو فیروز میں نیشنل ہائی وے پر ٹریلر اور کار کے درمیان پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور بچی بھی شامل ہیں، متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیشنل ہائی وے پر ٹریلر اور کار میں تصادم کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو حادثے کی فوری تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت یا کوتاہی سامنے آنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert