قومی شاہراہ N-25 پر بار بار احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف حکومت حرکت میں آگئی، 3 ماہ کی پابندی
سوراب، خضدار اور وڈھ میں دفعہ 144 نافذ، مریضوں اور ٹرانسپورٹرز کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: بابر یوسفزئی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ سوراب، خضدار اور وڈھ میں N-25 قومی شاہراہ پر احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے، جبکہ قومی شاہراہ پر احتجاج، دھرنوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ N-25 کی بندش سے مریضوں، مسافروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ عوامی مشکلات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو دفعہ 144 پر مثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ قانون کی عملداری اور امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کیونکہ حکومت بلوچستان عوام کی سہولت، تحفظ اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے پرعزم ہے۔
