کے پی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار، آئی جی کی وزیر داخلہ کو بریفنگ

پشاور(قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں غیر یقینی صورتحال پر پولیس الرٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی نے کہا کہ مختلف اضلاع سے پولیس اہلکار پولیس لائنز طلب کرلیے گئے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی پشاور میں ملاقات ہوئی ہے جس میں کے پی کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کی ناکامی کے ذمہ دار صرف اور صرف وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہیں، مذاکرات اب ختم ہوگئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ ایک بھی جان گئی تو سہیل آفریدی ذمہ دار ہوں گے۔ معاہدے میں چار بار تبدیلیاں کی گئیں، معاہدہ تیار تھا۔ 99 فیصد نکات پر اتفاق کیا جا چکا تھا، صدر کو معاہدہ دکھا کر واپس آیا تو سہیل آفریدی نے تبدیلی کروادی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیصلے سہیل آفریدی نے کرنے تھے تو وہ خود آکر بیٹھ جاتے۔
