امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرۂ احمر میں ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد پراسرار طور پر غائب

امریکہ (قدرت روزنامہ)امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر سعودی عرب کے قریب بحیرۂ احمر میں ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد اچانک غائب ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرۂ احمر کے اوپر پرواز کے دوران ہنگامی حالت کے اعلان کے کچھ دیر بعد عوامی طور پر دستیاب فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے غائب ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر سِکورسکی ایم ایچ-60 آر سی ہاک نے مشرقی وقت کے مطابق تقریباً شام 5 بج کر 20 منٹ پر سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع شہر ینبع کے قریب ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ہنگامی حالت کا اعلان کیے جانے کے وقت ہیلی کاپٹر تقریباً 475 فٹ کی بلندی پر تھا، اس کے بعد ظاہر ہونے والی اس کی پرواز کی بلندی صفر تک گر گئی، جس کے بعد ہیلی کاپٹر ٹریکنگ سروس سے غائب ہو گیا۔
پیر کی شام تک امریکی بحریہ نے واقعے کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی تھی اور نہ ہی ہیلی کاپٹر کے عملے یا اس کی حالت سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی تھیں جبکہ ہنگامی حالت کی وجہ بھی فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر ممکنہ طور پر حادثے کا شکار ہو گیا ہے، تاہم اس کے گر کر تباہ ہونے کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
