سعودی عرب: مکہ ریجن سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آئندہ ہفتے تک بارش کا الرٹ

مکہ مکرمہ(ـقدرت روزنامہ) سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں منگل سے آئندہ ہفتے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ گرد آلود ہوائیں چلنے، ژالہ باری اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق مکہ شہر، کامل، الجموم، بحرہ، طائف، میسان، اضم اور العرضیات بارش سے متاثر ہوں گے جبکہ اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جازان، عسیر اور الباحہ ریجن بھی درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔ گرد آلود ہوائیں چلنے، ژالہ باری اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔
مدینہ منورہ ریجن، تبوک، الجوف، حائل اور حدود الشمالیہ میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ ہدایات پرعمل کیا جائے۔
