پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بیرون ملک مسافروں کی سہولت کے لیے پری ڈیپارچر فیسیلیٹیشن ڈیسک اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا ، اب مسافر روانگی سے پہلے سہولت ڈیسک سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر ’آف لوڈنگ‘ کے مسائل سے بچانے اور ان کی سفر میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔
ایف آئی اے کا خصوصی ’پری ڈیپارچر فیسیلیٹیشن ڈیسک‘ زونل آفس سے منتقل کر کے اب باقاعدہ طور پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیسک کی ایئرپورٹ منتقلی کا بنیادی مقصد مسافروں کو سفر سے قبل تمام تر معلومات اور درکار سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے تاکہ امیگریشن یا سفری دستاویزات کے باعث کسی مسافر کو روانگی سے نہ روکا جا سکے۔
پہلے یہ ڈیسک ایف آئی اے کے زونل آفس میں کام کر رہا تھا، جسے اب مسافروں کی آسان رسائی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسافر اب اپنی پرواز کی روانگی سے پہلے ایئرپورٹ پر ہی سہولت ڈیسک سے براہِ راست رابطہ کر سکیں گے۔
ڈیسک پر مسافروں کو سفری دستاویزات، ویزا، پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق تمام ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کی بیرونِ ملک روانگی کو شفاف، آسان اور بغیر کسی تاخیر کے ممکن بنانا ہے۔
