وزیراعظم فیول سبسڈی سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) آئی ایم ایف صرف موجودہ صارفین کو وزیر اعظم فیول سبسڈی دینے پر راضی ہوگیا تاہم مطالبہ کیا کہ پٹرول سبسڈی میں مزید صارف نہ بڑھائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں کمی کے لیے تاحال رضامند نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف موجودہ صارفین کو وزیراعظم فیول سبسڈی دینے پر رضامند ہے، تاہم سبسڈی کے دائرہ کار میں مزید صارفین کو شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیول سبسڈی کو موٹرسائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں تک محدود رکھا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کی آج وزارت پٹرولیم کے حکام سے دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر پٹرولیم کریں گے۔

مذاکرات میں گیس کے ٹیرف اسٹرکچر اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضے سمیت مختلف امور پر بھی بات چیت ہوگی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کی تیاری پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے وزارت پٹرولیم اور پاور ڈویژن کے حکام سے مذاکرات جاری ہیں، جبکہ وزارت خزانہ کے حکام سے بھی آج دوبارہ ملاقات متوقع ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کی جانب سے صوبوں کی رضامندی سے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے، تاہم سندھ نے وفاق کی جانب سے شوگر پالیسی کو صوبائی خودمختاری میں مداخلت قرار دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے معاملے پر سندھ کے اختلاف کے باعث شوگر پالیسی تاحال طے نہیں ہوسکی۔

WhatsApp
Get Alert