شہری سے ایک کروڑ روپے کا فراڈ! نجی بینک کا سابق برانچ منیجر یو اے ای سے واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار

فیصل آباد(قدرت روزنامہ) نجی بینک میں ایک کروڑ روپے کے فراڈ میں ملوث سابق برانچ منیجر کو یو اے ای سے واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے نجی بینک اوکاڑہ میں شہری سے ایک کروڑ روپے کے فراڈ میں ملوث سابق برانچ منیجر عمران ساجد کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے کر اس کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد اینٹی کرپشن اور اکنامک کرائمز ونگ نے ملزم سے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق سابق برانچ منیجر عمران ساجد نے منافع کا جھانسہ دے کر مدعی رحمت علی سے ایک کروڑ روپے کی رقم حاصل کی، جسے بینک میں جمع کروانے کے بجائے خود برائے برد (غبن) کر لیا۔

مدعی رحمت علی کی درخواست پر ملزم کے خلاف 4 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ قم کے شدید تقاضے پر ملزمان نے صرف 25 لاکھ روپے واپس کیے، تاہم وہ رقم بھی ایک بوگس چیک کے ذریعے دی گئی جو کیش نہ ہو سکا۔

تاہم ملزم جیسے ہی امارات سے پاکستان واپس پہنچا، لاہور ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے کی ٹیم نے اسے دھر لیا۔

WhatsApp
Get Alert