روس اور پاکستان کی اسپیشل فورسز کی مشترکہ ’’دروژبہ‘‘ مشقیں مکمل، اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)روس اور پاکستان کی مشترکہ 9ویں ’’دروژبہ‘‘ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں منعقد ہوئی، جس میں روس کے سفیر البرٹ پی خورِیف سمیت دونوں ممالک کی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مشترکہ فوجی مشقوں میں تاجکستان میں تعینات روس کی 201ویں ملٹری بیس، سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کے اہلکاروں اور پاکستان کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔ مشقوں کے دوران فوجی دستوں نے دشوار گزار علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کی مربوط کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

مشقوں کے دوران جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی، بشمول بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں (UAVs/ڈرونز) کا بھی استعمال کیا گیا۔

اختتامی تقریب میں روس کے سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف کرنل اولیگ اسٹیٹس یوک سمیت مشقوں میں شریک افواج کی کمان نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نجم، کمانڈر اسپیشل آپریشنز فورسز میجر جنرل احمد جواد اور پاکستان آرمی کی 22ویں اسپیشل فورسز بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد عمران اسلم بھی اختتامی مشقوں میں شریک ہوئے۔

یکم اکتوبر کو ہونے والے ٹیکٹیکل مظاہروں کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ پی خورِیف نے مشقوں کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو مبارکباد دی۔

انہوں نے روسی اور پاکستانی فوجی یونٹس کی جانب سے مظاہرہ کی جانے والی اعلیٰ سطح کی باہمی ہم آہنگی اور یکجہتی کو اجاگر کیا۔ روسی سفیر نے دونوں ممالک کی افواج کے لیے تجربات اور فوجی روایات کے تبادلے کے اس قیمتی موقع کو بھی اہم قرار دیا۔

البرٹ پی خورِیف نے زور دیا کہ اس نوعیت کی مشترکہ فوجی مشقیں روس اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert