پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ پیکیجز مزید مہنگے ہوگئے، ماہانہ پیکیجز کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ اور ہائبرڈ سروسز کے پیکیجز کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، بعض ماہانہ پیکیجز کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے 30 ستمبر 2026 تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق متعدد 15 روزہ انٹرنیٹ پیکیجز کی قیمت بھی ایک ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
ٹیلی نار کے 15 ڈے ایکسٹریم پیکیج میں 130 جی بی ڈیٹا 1 ہزار 43 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ جاز کے 15 ڈے آل ان ون پیکیج کی قیمت 869 روپے ہے، جس میں 10 جی بی ڈیٹا شامل ہے۔ ٹیلی نار کا 30 جی بی والا 15 روزہ پیکیج بھی 869 روپے میں دستیاب ہے۔
ہفتہ وار پیکیجز میں جاز کا سپر وومن بنڈل 12 جی بی ڈیٹا کے ساتھ 234 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ویکلی سپر میکس پیکیج 30 جی بی ڈیٹا فراہم کرتا ہے اور اس کی قیمت 608 روپے ہے۔
ماہانہ پیکیجز میں جاز کا 6 جی بی ماہانہ بچت آفر 478 روپے، 20 جی بی یوٹیوب اینڈ سوشل پلس پیکیج 1 ہزار 43 روپے جبکہ 30 جی بی ماہانہ ویڈیو اینڈ سوشل میکس پیکیج 1 ہزار 304 روپے میں دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کم قیمت والے متعدد پیکیجز میں مکمل انٹرنیٹ کے بجائے مخصوص سروسز، جیسے واٹس ایپ، فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک کے لیے محدود ڈیٹا فراہم کیا جاتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ان صارفین کے اخراجات میں اضافہ ہوسکتا ہے جنہیں تعلیم، کاروبار اور دیگر آن لائن سرگرمیوں کے لیے غیر محدود انٹرنیٹ درکار ہوتا ہے۔
ٹیلی کام ریگولیٹر نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی پیکیج کو سبسکرائب کرنے سے قبل متعلقہ کمپنی کی ویب سائٹ، موبائل ایپلی کیشن یا ہیلپ لائن سے تازہ ترین تفصیلات ضرور چیک کریں۔
پی ٹی اے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بعض انٹرنیٹ پیکیجز کی قیمتیں اور دستیابی مختلف علاقوں کے لحاظ سے مختلف ہوسکتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert