پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلیے اہم خبر، یہ کام ضرور کر لیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کی عمر 18 سال ہوگئی ہے اور پہلی بار شناختی کارڈ بنوانا چاہتے ہیں لیکن والدین یا بہن بھائی نادرا میں رجسٹرڈ یا دستیاب نہیں ہیں تو درخواست دینے سے پہلے ضروری دستاویزات اور تصدیق کے تقاضے مکمل کر لیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ یا شہریت یا نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ لائیں، 18 سال سے زائد عمر کے شناختی کارڈ کے حامل دو افراد بطور بائیومیٹرک گواہ درکار ہوں گے، گواہوں میں پہلی ترجیح والد یا والدہ کی طرف کے رشتہ داروں کو دی جاتی ہے، ان کی عدم دستیابی میں اسی علاقے کا ایسا فرد گواہ بن سکتا ہے جس کے پاس شناختی کارڈ یا نائکوپ موجود ہو اور جو درخواست گزار کو ذاتی طور پر جانتا ہو۔
نادرا کا مزید کہنا ہے کہ مقررہ فارمیٹ کے مطابق اقرار نامہ B بھی فراہم کرنا ہوگا جبکہ درخواست فارم کی تصدیق ضابطہ 9 کے مطابق مجاز شخص سے کروانا ضروری ہے، اگر شناخت یا خاندانی تعلق سے متعلق کوئی اضافی دستاویز موجود ہو تو وہ بھی ساتھ رکھیں اور درخواست دینے کیلیے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر تشریف لائیں۔
