آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور کی اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی سے پریشان شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، نجی کمپنیوں کی جانب سے آٹے کے نرخ مرحلہ وار بڑھائے جا رہے ہیں۔
لاہور کی اوپن مارکیٹ میں ایک کے بعد دوسری نجی کمپنی کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد ایک نجی کمپنی نے 5 کلوگرام آٹے کے پیک کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ کردیا۔
15 روپے اضافے کے بعد مذکورہ کمپنی کا 5 کلوگرام آٹے کا پیک اب 1035 روپے میں فروخت ہورہا ہے، اس سے قبل ایک دوسری نجی کمپنی بھی 5 کلوگرام آٹے کے پیک کی قیمت بڑھا کر 1020 روپے کرچکی ہے۔
آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
دوسری جانب سرکاری نرخوں کے مطابق 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے مقرر ہے۔
اوپن مارکیٹ میں نجی کمپنیوں کے پیک شدہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث سرکاری نرخ اور نجی پیک کی قیمتوں کے درمیان نمایاں فرق بھی سامنے آرہا ہے، جس سے صارفین کے لیے سستے آٹے کا حصول مزید اہم ہوگیا ہے۔
