ایڈیشنل سیشن جج پنجگور اسد اللہ رئیسانی گن مین سمیت پراسرار طور پر لاپتہ، کلغلی کے مقام پر آخری رابطے کے بعد موبائل فون بند
کوئٹہ سے نجی گاڑی میں پنجگور روانہ ہوئے مگر تاحال منزل پر نہ پہنچ سکے، عدالتی و انتظامی حلقوں اور اہل خانہ میں شدید تشویش

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاپتہ جج اور ان کے گن مین کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ایڈیشنل سیشن جج پنجگور اسد اللہ رئیسانی کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسد اللہ رئیسانی بدھ کی صبح کوئٹہ سے اپنی نجی گاڑی میں گن مین کے ہمراہ پنجگور کے لیے روانہ ہوئے تھے تاہم وہ تاحال پنجگور نہیں پہنچ سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد اللہ رئیسانی سے موبائل فون پر آخری رابطہ کلغلی کے مقام پر ہوا تھا، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ ان کی جانب سے منزل تک پہنچنے کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔واقعے کے بعد اہل خانہ اور متعلقہ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اسد اللہ رئیسانی اور ان کے گن مین کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید معلومات اور صورتحال واضح ہونے کا انتظار ہے۔
