بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کے لیے ادائیگی کا نیا طریقہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹرڈ خواتین کے لیے رقم وصول کرنے کا طریقہ آسان بنا دیا گیا ہے۔ اب مستحق خواتین ادائیگی کی تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد پاکستان کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم نکلوا سکیں گی۔
بی آئی ایس پی کے مطابق نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت خواتین کو ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے آگاہی اور تربیتی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور سے ملک گیر تربیتی سیشنز کا آغاز کیا گیا ہے، جہاں خواتین کو ادائیگی کے طریقہ کار اور ضروری حفاظتی اقدامات سے متعلق رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔
کسی بھی شہر سے رقم وصول کرنے کی سہولت
بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے عملے کی تربیت اور مستحق خواتین میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکوں کے درمیان باہمی رابطے کے نظام کے تحت خواتین تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کرسکیں گی۔
اس سہولت سے مخصوص ادائیگی مراکز پر انحصار کم ہوگا اور خواتین کو رقم لینے کے لیے طویل سفر کرنے کی مشکلات اور اخراجات سے بھی بچنے میں مدد ملے گی۔
ڈیجیٹل والٹ اور موبائل کی حفاظت ضروری
حکام نے بی آئی ایس پی کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستحق خواتین کو ڈیجیٹل والٹ استعمال کرنے، موبائل فون اور سم کی حفاظت کرنے اور ادائیگی سے متعلق ایس ایم ایس محفوظ رکھنے کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کریں۔
خواتین کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ رقم وصول کرتے وقت مکمل ادائیگی کی تصدیق کریں اور لین دین کی تفصیلات اپنے پاس محفوظ رکھیں۔
رقم سے غیر قانونی کٹوتی پر شکایت کیسے کریں؟
ڈاکٹر عصمت نواز نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی ادائیگی سے کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی خاتون سے رقم وصول کرتے وقت غیر قانونی کٹوتی کی جائے تو وہ بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 0800-26477 پر شکایت کرسکتی ہیں یا متعلقہ تحصیل دفتر سے رابطہ کرسکتی ہیں۔
تربیتی سیشن میں بی آئی ایس پی اور پنجاب کے متعلقہ افسران و عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر تربیتی سرگرمیوں میں تعاون کرنے پر یونیسیف کے سوشل پالیسی سیکشن کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
