ڈرائیونگ لائسنس بنوانا اور آسان ! فیس سے متعلق اہم خبر آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ڈرائیونگ لائسنس کا نظام مزید آسان بناتے ہوئے ارجنٹ فیس مکمل طور پر ختم کردی، تمام شہریوں کو ریگولر فیس پر ہی ترجیحی بنیادوں پر سہولت ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا نظام مزید آسان بناتے ہوئے ارجنٹ فیس مکمل طور پر ختم کر دی ہے، جبکہ باقاعدہ (ریگولر) لائسنس کی تیاری کا دورانیہ بھی دو ہفتوں سے کم کر کے صرف تین دن کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر یہ انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ لائسنس کے حصول کے عمل کو تیز اور شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جا سکے۔

اب شہریوں کو اپنا لائسنس جلدی حاصل کرنے کے لیے کوئی اضافی (ارجنٹ) فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، تمام شہریوں کو ریگولر فیس پر ہی ترجیحی بنیادوں پر سہولت ملے گی۔

نئی پالیسی کے تحت درخواست گزار اب بغیر کسی اضافی چارجز کے محض 2 سے 3 دنوں کے اندر اپنا ڈرائیونگ لائسنس براہِ راست اپنے گھر پر وصول کر سکیں گے، اس کے لیے فارم پر اپنا گھریلو پتہ درج کرنا ہوگا۔
ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے خواہشمند شہریوں کو اب صرف ایک بار آئی ٹی پی کے دفتر جانا ہوگا جہاں ان کی طبی (میڈیکل)، جسمانی (فزیکل) ٹیسٹ، اور فوٹوگرافی سمیت دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔

ٹریفک پولیس نے تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان بنا دیا ہے، آئی ٹی پی دفاتر یا پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرز آنے والے شہری اب مقررہ فیس ادا کر کے محض ایک گھنٹے کے اندر اپنا ری نیو شدہ یا ڈپلیکیٹ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے بھی ارجنٹ فیس ختم کر دی گئی ہے۔

اس اصلاحاتی نظام کا بنیادی مقصد شہریوں کا طویل انتظار ختم کرنا، طریقہ کار کو آسان بنانا اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات کو زیادہ قابل رسائی بنانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert