خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ عوامی مینڈیٹ پر کھلا ڈاکہ ہے، غیر آئینی اقدام یکسر مسترد کرتے ہیں:غیر جمہوری اقدامات اور گورنر راج ہمیشہ پیپلز پارٹی کا خاصہ رہا ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان

بلوچستان میں بدترین بدامنی کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا، جبکہ کے پی کی حقیقی عوامی حکومت کو نشانہ بنا دیا گیا


پرامن لانگ مارچ اور عوامی تحریک سے خوفزدہ غیر نمائندہ ٹولے کا آمرانہ فیصلہ وفاق کی یکجہتی اور بقا کے لیے سنگین خطرہ ہے
ملک اور وفاق کو بچانے کے لیے جلد اتحادیوں کا ہنگامی اجلاس بلا کر قوم کے سامنے مشترکہ لائحہ عمل رکھیں گے: ترجمان
کوئٹہ / اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مکمل طور پر غیر جمہوری اور غیر آئینی فیصلہ قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے آئینِ پاکستان کی سنگین پامالی کر کے عوام کے جذبات اور حقِ رائے دہی کی کھلی توہین کی گئی ہے۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ شاہد ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ غیر جمہوری اقدامات اور گورنر راج کا نفاذ ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی کا خاصہ رہا ہے، اور ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ایسے سیاہ فیصلے انہی کے دستخطوں سے جاری کیے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ اس غیر آئینی اقدام کا کوئی اخلاقی، قانونی، آئینی یا جمہوری جواز نہیں بنتا، بلکہ یہ صریحاً خیبر پختونخوا کے غیور عوام کے دیے گئے حقیقی مینڈیٹ پر شب خون مارنے اور ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک طرف بلوچستان میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش و خراب ہونے کے باوجود ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، جبکہ دوسری طرف اس صوبے کو انتقامی طور پر نشانہ بنایا گیا جہاں کی اسمبلی اور حکومت عوام کے سچے اور حقیقی مینڈیٹ کے نتیجے میں قائم ہوئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بغیر عوامی ووٹ اور مینڈیٹ کے ایوانِ اقتدار پر قابض غیر نمائندہ ٹولے کا یہ عمل براہِ راست وفاق کی سالمیت اور یکجہتی پر کاری ضرب ہے۔ دراصل پرامن لانگ مارچ اور عوامی تحریک سے خوفزدہ اس ٹولے نے پاکستان کی جمہوری تاریخ میں عوام کی بات اور مطالبات سننے کے بجائے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر آمریت کا راستہ اختیار کیا ہے، جس کا سنگین خمیازہ بالآخر ہمارے وفاقی ڈھانچے اور وفاقیت کو بھگتنا پڑے گا۔ گورنر راج اور ایمرجنسی کا یہ غیر قانونی نفاذ براہِ راست پاکستان کی سلامتی اور وفاق کی بقا کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اعلان کیا کہ تحریک اس غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام پر بہت جلد اجلاس طلب کر رہی ہے، جس میں تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے پاکستان اور وفاق کو بچانے کے لیے ایک متفقہ اور مشترکہ لائحہ عمل پوری قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert