شفیع جان نے صوبے کی عوام کو پشاور پہنچنے کی کال دے دی

پورا خیبرپختونخواہ پشاور کی طرف آئے، کوہاٹ پشاور کا رخ کرے، قبائلی عوام کو اپنے وزیراعلیٰ کیلئے نکلنا ہوگا، جہاں عوام جمع ہوگی وہاں مجھے اپنے درمیان پائیں گے؛ پی ٹی آئی رہنماء کی ایکس پوسٹ


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کی مبینہ گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہو گیا، جس پر صوبائی وزیر شفیع جان نے بھی عوام کو سڑکوں پر نکلنے اور پشاور کا رخ کرنے کی کال دے دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پی ٹی آئی رہنما شفیع جان کی طرف سے جاری کردہ پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اس نازک گھڑی میں اب خاموش بیٹھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔


انہوں نے خیبرپختونخواہ کے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنے گھروں سے نکلیں اور پشاور کی جانب رخ کریں، انہوں نے خاص طور پر کوہاٹ اور پشاور کے مابین آنے والے راستوں پر موجود عوام کو ہدایت کی کہ وہ فوراً پشاور کا رخ کریں۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ اس کڑے وقت میں قبائلی اضلاع کے غیور عوام پر سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ ان کے منتخب وزیر اعلیٰ نے قبائل کی غیرت کی خاطر اپنے اقتدار کو خطرے میں ڈالا تھا، اس لیے اب قبائل کو اپنے وزیر اعلیٰ کے لیے باہر نکلنا ہوگا، جہاں بھی عوام کا اجتماع ہوگا، وہ خود ان کے درمیان موجود ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert