دلیر مہندی بھی نصیبو لال کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

(قدرت روزنامہ)پاکستانی گلوکارہ نصیبو لال کی حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے’ تو جھوم‘ کے بعد بھارتی گلوکار دلیر مہندی بھی اُن کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

سوشل میڈیا پر دلیر مہندی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں نصیبو لال کی سُریلی آواز کی تعریف کرتے سُنا جاسکتا ہے۔

دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’نصیبو لال جی نے اپنی گائیکی سے دُنیا بھر میں اپنا نام بنایا اور جو بھی گایا بہت سُریلا گایا۔‘

بھارتی گلوکار نے کہا کہ ’گائیکی میں سُریلا پن اور اچھی آواز کے لیے بہت محنت کرتی پڑتی ہے اور نصیبو لال جی کے کام میں اُن کی محنت نظر آتی ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’نصیبو لال جی نے بھارت سمیت دُنیا بھر میں میوزک کے مداحوں میں اپنی ایک خاص پہچان بنائی۔‘

خیال رہے کہ نصیبو لال نے لیجنڈری صوفی گائیک عابدہ پروین کے ساتھ کوک اسٹوڈیو کے 14ویں سیزن کے آغاز پر ریلیز ہونے والے گانے’تو جھوم ‘ میں اپنی سُریلی آواز سے رنگ جمایا ہے۔