اسکالر شپ کے خواہشمند طلبہ کیلیے بڑی خبر

پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان بیت المال(پی بی ایم) اور فاٹا یونیورسٹی کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ کو تعلیمی اخراجات پورے کرنے اور اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں پاکستان بیت المال خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر لعل بادشاہ نے فاٹا یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے درمیان مستحق طلبہ کو اسکالرشپس دینے پر اتفاق کیا گیا، اور اس تعلیمی تعاون کو باضابطہ شکل دینے کے لیے جلد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

ملاقات میں طلبہ کی تعلیمی ضروریات، مالی معاونت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے انتظامی افسران کے علاوہ زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد بلال مروت بھی موجود تھے۔

فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کسی بھی مستحق طالب علم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ معیاری تعلیم کی فراہمی، سہولیات کی بہتری اور طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

وائس چانسلر نے طلبہ کی معاونت پر پاکستان بیت المال کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اسکالرشپس سے مستحق طلبہ کو اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے اور بغیر کسی مالی پریشانی کے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert