سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر، حکومت نے نیا حکم جاری کر دیا

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، محکمہ خزانہ نے تمام افسران اور دفتری عملے کے لیے سرکاری اوقاتِ کار پر سختی سے عملدرآمد اور اسمارٹ اٹینڈنس ایپ کے ذریعے حاضری لازمی قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن اور سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 9 بجے ہر صورت دفتر پہنچ کر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام افسران اور دفتری عملہ روزانہ اپنی حاضری اسمارٹ اٹینڈنس ایپ کے ذریعے درج کروانے کے پابند ہوں گے۔ سرکاری اوقاتِ کار کی پابندی کرنا تمام ملازمین کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق دفتر دیر سے پہنچنے اور مقررہ اوقات کی پابندی نہ کرنے کے باعث دفتری امور، عوامی مسائل کے حل اور اہم فائلوں پر پیشرفت متاثر ہو رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور حاضری کے مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں۔

سرکلر میں مزید تنبیہ کی گئی ہے کہ سرکاری اوقاتِ کار اور حاضری کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بغیر کسی رعایت کے سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert