عالمی منڈی میں ہلچل، خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

نیویارک(قدرت روزنامہ)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل کے نرخ 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 103 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں ایران جنگ کا پھیلاؤ، خلیجی خطے میں توانائی کی تنصیبات کو لاحق خطرات اور تیل بردار جہازوں پر حملوں کی اطلاعات شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 3.18 ڈالر، یعنی 2.81 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 116.72 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 117.45 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب پر حوثی حملوں، آبنائے ہرمز کے قریب تیل بردار جہازوں پر حملوں اور ایران پر امریکی حملوں کی دوبارہ شروعات سے متعلق خبروں نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے۔

ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی برقرار رہنے اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات عالمی منڈی میں قیمتوں پر مزید اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert