قدرتی وسائل سے مالامال صوبے کے عوام گیس سے بھی محروم، حکومتی ترجیحات عوامی مسائل کے برعکس ہیں: مولانا عبدالواسع

آئین و جمہوریت کی بات کرنے والوں کو دبایا جا رہا ہے، مسائل کھوکھلے وعدوں اور اعلانات سے حل نہیں ہوں گے: صوبائی امیر جے یو آئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کو آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور پرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، تاہم جماعت آئین، قانون، پارلیمان اور عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہمیشہ ملک میں آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی، جمہوری نظام کے استحکام اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد کرتی رہی ہے۔ ان کے بقول افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ جمہوری آواز بلند کرنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں اور عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے والوں کو دبانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور گیس جیسی نعمتوں سے مالا مال ہے، لیکن اس کے باوجود صوبے کے عوام گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ سردیوں کے موسم میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے متبادل ذرائع استعمال کرنا پڑتے ہیں۔صوبائی امیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا اور صوبے کے وسائل سے حاصل ہونے والے ثمرات میں انہیں مناسب حصہ نہ دینا قابل قبول نہیں۔ وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، جبکہ تعلیم، صحت، روزگار، بجلی، گیس، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔مولانا عبدالواسع نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں گیس کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس کی قلت کا خاتمہ کیا جائے اور صوبے کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرکے انہیں ان کے آئینی و قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل محض اعلانات اور وعدوں سے حل نہیں ہوں گے، بلکہ ان کے حل کے لیے سنجیدہ حکمت عملی، عملی اقدامات اور عوام کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام عوام کے حقوق، صوبے کے وسائل کے منصفانہ استعمال اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور بلوچستان کے عوام کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert