اسلام آباد اجلاس: مکہ معاہدے کے ممالک سعودی-حوثی تنازع پر بات کریں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ معاہدے میں شامل پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خواجہ آصف نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ممالک کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت یہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے دفاع اور خارجہ شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ تاہم جمعے کو لازمی سروسز کے تمام ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔
وزیرِ دفاع نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ”سعودی عرب کے جنوب میں جاری مسلسل بدامنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا اہم نکتہ ہوگی اور یہ ضروری بھی ہے۔“
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے رواں سال اگست میں باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں ایک دوسرے کی مدد کا عہد کیا تھا۔
سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بارہا حملے کیے جا رہے ہیں۔ جولائی میں یمن میں خانہ جنگی میں شدت کے بعد حوثیوں نے سعودی شہروں، تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے خطرہ تصور ہو گا اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔
انہوں نے حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا۔
معاہدہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے
وزیرِ دفاع نے اس معاہدے کو ابھی ”ابتدائی مراحل“ میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لائحہ عمل اور عملی طریقہ کار طے کرنے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس ضروری ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں ہمیں متواتر اجلاس کی ضرورت ہے تاکہ جو کچھ تشکیل دیا جا رہا ہے اسے درست سمت دی جا سکے اور آئندہ چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے آگے بڑھ سکیں۔
اس سوال پر کہ اگر ایران نے براہِ راست سعودی عرب پر حملہ کیا تو یہ معاہدہ کیا ردِعمل دے گا، خواجہ آصف نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ تاہم انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے خلاف ممکنہ جارحیت کا ایک ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے۔ اس لیے خطے کے ممالک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کی ثالثی کی کوششیں
وزیرِدفاع نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی بات کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ایک معاہدے کے لیے جون میں ثالثی کی کوشش کی تھی اور اس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان لڑائی میں عارضی وقفہ بھی آیا تھا۔ اس معاہدے پر مزید مذاکرات کے لیے ایک لائحہ عمل بھی طے کیا گیا تھا جس میں اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت شامل تھی۔
تاہم بعد ازاں جنگ بندی ختم ہوگئی تھی اور واشنگٹن اور تہران نے ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے تھے۔ بعد ازں دوبارہ جنگ بندی کے لیے پاکستان اور قطر نے سفارتی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
گزشتہ ہفتے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔
خواجہ آصف نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطوں میں سہولت فراہم کرنے کے پاکستان کے کردار کو ”انتہائی تعمیری“ قرار دیا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ثالثی کی جاری کوششوں کے نتائج اب بھی غیر یقینی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امن ابھی اس طرح مستحکم نہیں ہوا جس کی لوگ توقع کر رہے تھے۔
