پائپ لائنوں میں گیس غائب مگر 26 یونٹ پر 18 ہزار سے زائد کے بل، حکومتی اداروں کی عوام دشمنی عروج پر
ہائی کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑا دی گئیں، سردی شروع ہونے سے قبل ہی اضافی بلنگ کا عذاب مسلط: شہریوں کا چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کوئٹہ کے صارفین کو مبینہ طور پر بھاری گیس بل بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صرف 26 یونٹ گیس استعمال کرنے والے ایک صارف کو 18 ہزار 410 روپے کا بل ارسال کیے جانے پر شہریوں میں تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ صارفین نے متعلقہ حکام سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔صارفین کے مطابق کوئٹہ میں سردی کا باقاعدہ آغاز بھی نہیں ہوا، تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھاری بل بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف گیس پائپ لائنوں میں گیس کے بجائے ہوا آنے کی شکایات ہیں، جبکہ دوسری جانب معمولی مقدار میں گیس استعمال کرنے والے صارفین کو بھی ہزاروں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 100 یونٹ سے کم گیس استعمال کرنے والے صارفین کو 18 ہزار روپے سے زائد کے بل ارسال کرنا ان کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے، خصوصا ایسے حالات میں جب انہیں مطلوبہ مقدار میں گیس بھی دستیاب نہیں ہوتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب گیس کی فراہمی ہی متاثر ہے تو صارفین کو بھاری بل کیوں بھیجے جا رہے ہیں۔صارفین نے دعوی کیا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں، جو ان کے بقول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات اور بلوں کی درستگی کا مطالبہ بھی کیا۔شہریوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس کے بھاری بلوں کا فوری نوٹس لیا جائے، کم گیس استعمال کرنے والے صارفین کو بھیجے گئے بلوں کا جائزہ لیا جائے اور صارفین کو مبینہ اضافی بلنگ سے نجات دلانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔
