صوبائی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے، پرویز خٹک

پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا، گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا، ایسا فیصلہ اچھا نہیں ہوتا لیکن حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا؛ سابق وزیراعلیٰ کی گفتگو


نوشہرہ(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا، حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک سے اہم ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے کیونکہ پی ٹی آئی افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، اسی روش کی وجہ سے صوبے میں مجبوری کے تحت گورنر راج نافذ کرنا پڑا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر راج کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا کیونکہ سیاسی طور پر ایسا قدم اچھا نہیں سمجھا جاتا، تاہم پی ٹی آئی کی غلط حکمتِ عملی کے باعث حالات ایسے پیدا کر دیے گئے تھے کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا شخص موجود ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی، فی الحال میں آزاد حیثیت میں قائم ہوں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز خٹک نے سیاست میں ایک طویل اور کامیاب اننگز کھیلی ہے اور وہ اپنے دورِ حکومت میں اپوزیشن کو ساتھ ملا کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے رہے ہیں، مختلف سیاسی قائدین سے ان کی ملاقاتوں کا بنیادی مقصد وفاق کے ساتھ مل کر کے پی کے درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، حال ہی میں پشاور میں ایپکس کمیٹی کا تاریخی اجلاس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا جس میں وزیراعظم نے صوبے کے مسائل سنے اور ان کے حل کا یقین دلایا۔

WhatsApp
Get Alert