‘آئندہ میرے منہ سے گالم گلوچ نہیں نکلے گی’، گرفتار گلوکار شاہسوار نے معافی مانگ لی

پشاور (قدرت روزنامہ) سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار پشتو گلوکار شاہسوار نے اپنی حرکت پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے پشتون قوم اور خیبرپختونخوا پولیس سے معافی مانگ لی اور آئندہ نازیبا زبان استعمال نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
پولیس کی موجودگی میں جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں شاہسوار نے کہا کہ ‘میں اپنی حرکت پر پشیمان ہوں، آئندہ میرے منہ سے گالم گلوچ نہیں نکلے گی، یہ میرا وعدہ اور عہد ہے۔’ انہوں نے پشتون قوم اور خیبرپختونخوا پولیس سے معافی مانگتے ہوئے تمام پاکستانی ٹک ٹاکرز سے بھی اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گالم گلوچ سے گریز کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور کے تھانہ گلبہار کی پولیس نے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے پشتو گلوکار شاہسوار کو گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گلوکار پر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر مسلسل نازیبا الفاظ، گالم گلوچ اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں، خواہ اس میں کوئی عام شہری ملوث ہو یا معروف شخصیت۔ سوشل میڈیا کو گالم گلوچ اور بدتمیزی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پولیس نے شہریوں، بالخصوص بااثر افراد اور شوبز شخصیات پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور گفتگو کے دوران شائستگی اور اخلاقی اقدار کا خیال رکھیں۔
شاہسوار اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔ 2017 میں بھی خیبرپختونخوا پولیس نے انہیں ایک لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کے معاملے میں حالیہ گرفتاری اور معافی کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر زیر بحث ہے کہ سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے کی آزادی کے ساتھ شائستگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا بھی ضروری ہے۔
