بیرسٹر گوہر اور علامہ ناصر عباس کو عمران خان سے ملاقات کی آفر ہوئی، یہ خود نہیں مل رہے، بیرسٹر سیف
پی ٹی آئی جن موجودہ حالات سے گزر رہی ہے اس کے ذمہ دار بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، محمود خان اچکزئی، اسد قیصر اور علامہ ناصر عباس جیسے لوگ ہیں؛ سابق صوبائی وزیر کی گفتگو

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے اپنی ہی پارٹی کی موجودہ قیادت اور مرکزی رہنماؤں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جن حالات سے گزر رہی ہے اس کے ذمہ دار بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، محمود خان اچکزئی، اسد قیصر اور علامہ ناصر عباس جیسے لوگ ہیں۔
سلیم صافی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرسٹر گوہر اور علامہ ناصر عباس کو عمران خان سے ملاقات کی باقاعدہ آفر ہوئی تھی لیکن یہ دونوں رہنما خود ملاقات کے لیے نہیں جا رہے کیونکہ انہیں بخوبی علم ہے کہ اگر وہ عمران خان کے سامنے پیش ہوئے تو انہیں اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑ جائیں گے، اس پوری صورتحال میں سہیل آفریدی اور ان کے چند قریبی ساتھی بھی مجرم ٹھہرائے جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر اور علامہ ناصر عباس کو عمران خان سے ملاقات کی آفر ہوئی تھی یہ خود اس لئے نہیں مل رہے انکو پتہ ہے یہ جب عمران خان کے سامنے جائیں گے تو انکو عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑ جانا ہے، بیرسٹر سیف https://t.co/BXdzYwcfUN
— Ali Tanoli (@alitanoli889) November 2, 2026
بیرسٹر سیف نے سابقہ 26 نومبر کے لانگ مارچ کے واقعات کا احوال بتاتے ہوئے شدید تنقید کی کہ عمران خان کے عشق میں جان دینے کے دعوے کرنے والے سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی اور شفیع جان جیسے لوگ اس وقت ایک خاص مقام پر ریسٹورنٹ میں بیٹھے کھانا کھا رہے تھے جب بشریٰ بی بی کی گاڑی پر فائرنگ ہو رہی تھی اور صرف علی امین گنڈاپور ہی بشریٰ بی بی کے ساتھ کھڑے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی نے ایک دن جیل میں کئی افراد کی موجودگی میں ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ “مجھے بیرسٹر سیف پر اس لیے اعتماد ہے کہ انہوں نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ ان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ہیں، جبکہ باقی تم لوگ بھی تعلقات رکھتے ہو لیکن انہیں چھپاتے ہو”۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کے ان سے متعلق تاثرات کے عینی شاہد ہیں، وہ یہ بات وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ آنے والے عام انتخابات میں اسد قیصر کو قومی یا صوبائی اسمبلی کا کوئی ٹکٹ نہیں ملے گا، یہی وجہ ہے کہ اسد قیصر آج کل مولانا فضل الرحمان سے رابطے بڑھا رہے ہیں تا کہ آئندہ الیکشن میں جے یو آئی ف کا ٹکٹ حاصل کر سکیں۔
