ہم ابھی تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جواب دیا تو آپ کو برداشت کرنا مشکل ہو جائے گا، مولانا فضل الرحمان
میں برملا آرمی چیف سے شکایت کرتا ہوں، اگر کبھی ملے تو یقیناً ان کے سامنے رکھوں گا کہ اخلاقی گراوٹ میں مجھے یہ امید نہیں تھی کہ حافظ قرآن بھی اس طرح اخلاقی طور پر گرے گا؛ پشاور میں تقریب سے خطاب

پشاور(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان سے منسلک اضلاع کے بعد اب کوہاٹ ڈویژن میں بھی ایمرجنسی لگائی جائے گی کیونکہ وہاں سے بھی اسمگلنگ کا راستہ موجود ہے اور اگر ان کا یہ مؤقف غلط ہے تو مخالفین دلیل کے ساتھ ان کا جواب دیں۔
پشاور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خواجہ آصف کے ردعمل سے متعلق کہا کہ خواجہ آصف میرے محترم اور بڑے بھائی ہیں، میں نے تو صرف ان کی گدگددی لی تھی مگر وہ غصہ کرگئے، اور انہیں غصہ اگلے روز آیا جو کہ ان کے اپنے منہ پر لگتا ہے، یہاں بڑے بڑے صاحب بہادر گزرے ہیں، وہ بھی ہمارے سروں پر بیٹھنا چاہتے تھے، ہم نے ان کو بغل میں دبا دیا، ہم مرعوب ہونے والے نہیں، آزمانا چاہتے ہو تو ذرا ہاتھ لگا کر دیکھو۔
میں برملا ان سے شکایت کرتا ہوں اور اگر کبھی مجھے ان سے ملاقات کا موقع ملا تو یقیناً ان کے سامنے یہ شکایت رکھوں گا کہ اخلاقی گراوٹ میں مجھے آپ سے یہ توقع نہیں تھی کہ حافظِ قرآن بھی اس طرح اخلاقی طور پر گرے گا۔یہ جو بچونگڑے بولتے ہیں، یہ ان کی اپنی زبان نہیں ہے، یہ کہاں سے بولتے ہیں؟
مولانا فضل الرحمان
— Sheraz Ahmad Sherazi (@Sherazi_Silmian) November 2, 2026
سربراہ جے یو آئی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پروپیگنڈا کرکے ہمارے کارکنوں کو ہرگز متاثر نہیں کیا جا سکتا، لیکن یہ تمام چیزیں کون کر رہا ہے؟ ایسی زبان استعمال کی جا رہی ہے جو آرمی چیف کی ناک کے نیچے ہے، میں برملا آرمی چیف سے شکایت کرتا ہوں اور موقع ملنے پر یہ بات ان کے سامنے بھی رکھوں گا کہ اخلاقی گراوٹ اتنی نیچے گرچکی ہے کہ ایک حافظِ قرآن سے اس کی توقع نہیں تھی۔
بڑے صاحب بہادر گزرے ہیں، وہ ہمارے سر پر بیٹھنا چاہتے تھے، ہم نے بغل کے نیچے دبایا، مرعوب ہونے والے نہیں، آزمانا ہے تو زرا ہاتھ لگا کر دیکھو
مولانا فضل الرحمان کا شستہ زبان میں نواز لیگ حکومت کو چیلنج https://t.co/nPij4Gtiao
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) November 2, 2026
افغانستان جانے کے مشورے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں افغانستان چلے جانا چاہیے، وہ پہلے اپنا نسب نامہ اور اپنی تاریخ بتائیں، ان کے آباؤ اجداد کل بھی انگریزوں کے وفادار تھے اور ان کی آج کی تعلیم و تربیت بھی وہی ہے جو انگریزوں نے دی تھی، اگر کسی کو اس طرح کی باتیں کرنی ہیں تو اسے پاکستان میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں، وہ جا کر برطانیہ میں رہیں وہی ان کی اقامت گاہ بن سکتی ہے۔
ملکی معیشت اور بیرونی سرمایہ کاری پر روشنی ڈالتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ نے چین کو مایوس کردیا ہے، ان کی سرمایہ کاری کو راستے میں روک دیا، اس کی جگہ کون لے رہا ہے؟ اس کی جگہ امریکہ لے رہا ہے، یہ بات خود امریکی بھی میرے سامنے کر چکے ہیں، ہمارے بڑے محترم بکسے میں یہاں کے خوبصورت پتھر لے جا کر وہاں کے دفتر میں بھی پیش کر چکے ہیں، اور یہاں جو ان کی سفیر ہیں، وہ بھی اپنے انٹرویو میں یہ بات کہہ چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم اپنے ملکی ذخائر کو اس طرح بیچتے ہیں تو پھر یہ بات واضح ہے کہ یہ پاکستانی سیاست دان، میں ان کو جانتا ہوں، ان کی ترجیحات کو جانتا ہوں، اس قسم کے تمام معاملات میں پہلے وہ اپنے حصے کا تعین کرتے ہیں، اس کے بعد ملک کے لیے سوچتے ہیں، وہ بھی بعد میں سوچتے ہیں، اس سے پہلے تو وہ سب اپنے آقاؤں کے مفادات کے لیے سوچتے ہیں۔
