پی ٹی اے کی وضاحت، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 سمز رجسٹرڈ کرانے کی اجازت
پانچ سمز کی حد مکمل ہونے پر اسی شناختی کارڈ پر چھٹی سم حاصل نہیں کی جا سکے گی، نئی سم کے لیے پہلے موجودہ کنکشن بند یا منتقل کرانا ہوگا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں ایک کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پر زیادہ سے زیادہ پانچ موبائل سمز رجسٹرڈ کرائی جا سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کے ضابطہ کار کے مطابق جب کسی شہری کے شناختی کارڈ پر پانچ سمز کی مقررہ حد مکمل ہوجائے تو اسی شناختی کارڈ پر چھٹی سم حاصل نہیں کی جا سکتی۔
یہ پابندی انفرادی شناختی کارڈ کے خلاف موبائل سمز کی رجسٹریشن پر لاگو ہوتی ہے، جس کا مقصد موبائل کنکشنز کے اندراج، تصدیق اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
اتھارٹی کی وضاحت کے مطابق جن شہریوں کے شناختی کارڈ پر پہلے ہی پانچ سمز رجسٹرڈ ہیں، انہیں نئی سم حاصل کرنے کے لیے کسی موجودہ سم کو بند یا قابلِ اطلاق صورت میں دوسرے نام منتقل کرانا ہوگا۔
پی ٹی اے کے اس ضابطے کا مقصد ہر شناختی کارڈ کے خلاف رجسٹرڈ موبائل کنکشنز کی مقررہ حد برقرار رکھنا اور سمز کی درست رجسٹریشن و تصدیق کو یقینی بنانا ہے۔
