حکومت کا 9 نومبر کو یومِ اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

وفاقی و صوبائی سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری محکمے بند رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کرنے والے ملازمین کو مسلسل 3 روز کی تعطیلات ملیں گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر 2026 بروز پیر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیر کو جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر کو یومِ اقبال کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس روز سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعطیل کا اعلان کابینہ ڈویژن کی جانب سے 19 جنوری 2026 کو جاری کردہ سالانہ تعطیلات کے سرکلر کے مطابق کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ تعطیل سے متعلق نوٹیفکیشن پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یومِ اقبال ہر سال 9 نومبر کو علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ اس دن ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں شاعرِ مشرق کی زندگی، شاعری، فکر اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
بعض ملازمین کو مسلسل تین چھٹیاں ملیں گی
حکومت کی جانب سے 9 نومبر کو عام تعطیل کے اعلان کے بعد ایسے سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں کے ملازمین کو مسلسل تین روز کی چھٹیاں ملیں گی جہاں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔
ایسے ملازمین اور طلبہ کو 7 نومبر بروز ہفتہ سے 9 نومبر بروز پیر تک تعطیلات حاصل ہوں گی۔
معمول کی دفتری اور تعلیمی سرگرمیاں منگل 10 نومبر 2026 سے دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert