پنجاب ٹریفک پولیس کو مبینہ طور پر عوام پر 10 ارب روپے کے مزید بھاری جرمانے لگانے کا ٹارگٹ، مونس الٰہی


لاہور (قدرت روزنامہ) سابق وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ پنجاب ٹریفک پولیس کو مبینہ طور پر عوام پر 10 ارب روپے کے مزید بھاری جرمانے لگانے کا ٹارگٹ ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ 10 ارب روپے کے لگژری جہاز کا خرچہ غریب رکشے اور موٹر سائیکل والوں اور مجبور عوام سے وصول کرنے کا پروگرام ہے۔
مونس الٰہی نے مزید اپنے ٹویٹ میں کہا کہ واہ پنجاب حکومت واہ! اربوں روپے سموگ کے خاتمے پر خرچ، کامیابی کے اشتہار الگ! پھر ناسا نے سیٹلائٹ سے دیکھ لیا کہ پاکستانی پنجاب میں بھارتی پنجاب سے 4 گنا زیادہ آگ کے مقامات ہیں۔ شاید ناسا کو بھی حکومتی اشتہارات دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ اسے بھی پنجاب کی صاف ہوا نظر آ جائے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ٹرانسپورٹرز کے لئے اہم اقدام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ٹرانسپورٹرز اب اپنے ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک چالان مفت چیک کر سکیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کی یہ سہولت صوبے بھر میں فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز متعلقہ ٹریفک دفاتر سے ڈرائیورز کے کوائف کی تصدیق کروا سکیں گے، جبکہ حادثات میں ملوث رہنے والے ڈرائیورز کا ریکارڈ بھی انہیں فراہم کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس پنجاب نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی انہیں ملازمت دیں اور صحت مند، تربیت یافتہ اور اہل ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کریں، ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی سڑکوں پر پیش آنے والے متعدد حادثات کا سبب بنتی ہے، اس لیے ٹرانسپورٹرز ڈرائیورز کی میڈیکل فٹنس اور ڈرائیونگ کی اہلیت کو یقینی بنائیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ رواں سال ٹریفک پولیس کے زیر انتظام شاہراہوں پر مہلک ٹریفک حادثات میں 35فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب کی مثر کاوشیں جاری ہیں۔ شاہراہوں کو حادثات سے پاک بنانا اور شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

WhatsApp
Get Alert