قلعہ عبداللہ میں شہریوں کے قتل اور اغواء پر حکومتی خاموشی مجرمانہ ہے، امن و امان کے قیام کیلئے آئینی ذمہ داریاں پوری کی جائیں: منیر احمد کاکڑ

پاکستان بار کونسل کے رکن کی ڈسٹرکٹ بار قلعہ عبداللہ کے عدالتی بائیکاٹ اور عوامی مطالبات کی مکمل حمایت، مغویوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان بار کونسل کے ممبر منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے قلعہ عبداللہ کے علاقے تنگ مسے زئی میں دہشتگردی کے واقعے کے دوران دو افراد کی شہادت، دو افراد کے زخمی ہونے اور دیگر افراد کے اغوا کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلعہ عبداللہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی مخدوش صورتحال باعث تشویش ہے، حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا، انہیں شہید و زخمی کرنا اور اغوا کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ ایسے واقعات سے عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو دہشتگردی اور جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ کے عوام طویل عرصے سے امن و امان کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، آئے روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر رکھا ہے۔ حکومت واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے، اغوا کیے گئے افراد کی فوری اور بحفاظت بازیابی اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔منیر احمد خان کاکڑ نے واقعے کے خلاف مظاہرین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قلعہ عبداللہ کی جانب سے عدالتوں کے بائیکاٹ کے اعلان کی بھی حمایت کی۔انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب کرے۔

WhatsApp
Get Alert