مولانا فضل الرحمٰن ہماری ریڈ لائن ہیں، پولیس کی رات گئے آمد اور اہلخانہ کو ہراساں کرنا شرمناک حکومتی اوچھا ہتھکنڈا ہے: کامران مرتضیٰ
غیر متعلقہ ویڈیوز دکھا کر خوفزدہ کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، حکمران ہماری برداشت کو کمزوری نہ سمجھیں: سینئر قانون دان کی وارننگ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر رات گئے اسلام آباد پولیس کی آمد اور ان کے اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمارے لیے ریڈ لائن ہیں، حکومت اپنی حدود میں رہے اور ہمیں آزمانے سے گریز کیا جائے۔اپنے ایک بیان میں کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے اہلِ خانہ کو غیر متعلقہ ویڈیو دکھا کر خوفزدہ کرنے اور ذہنی اذیت سے دوچار کرنے کا مبینہ اقدام انتہائی شرمناک ہے۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ والی گلی کی نہیں تھی، جس سے اس کارروائی کے حوالے سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک کے اہم قومی و سیاسی رہنما ہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کی سیکیورٹی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس تمام کارروائی کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرے اور ملوث ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے اہلِ خانہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ان کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی فوری طور پر بحال کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے اہلِ خانہ کو خوفزدہ کرنے اور ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکمران ہماری برداشت کو کمزوری نہ سمجھیں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو سیاسی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے خبردار کیا کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن یا ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ معاملے کی سنجیدگی کا ادراک کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے اور مولانا فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی کے حوالے سے تمام خدشات دور کیے جائیں۔
