پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے بھاری بلوں پر شدید تشویش کا اظہار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے بھاری بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 238 روپے فی کلو والی ایل پی جی صارفین کو 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، یہ عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے، عوام پر مسلسل معاشی بوجھ ڈالنا قابلِ قبول نہیں۔
پی ٹی آئی ایکس پر سیاسی کمیٹی کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ سے روا رکھے جانے والے سلوک، پارٹی رہنماؤں و کارکنان کی گرفتاریوں، خیبر پختونخوا میں جاری سیاسی انتقامی کارروائیوں، دہشت گردی اور عوام کو درپیش سنگین معاشی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ سیاسی کمیٹی نے ان رہنماؤں کی گرفتاری اور حراست کی شدید مذمت کی اور ان کی فوری رہائی یقینی بنانے پر زور دیا۔
سیاسی کمیٹی نے قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اس نوعیت کے اقدامات کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔ قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خاندانوں کو بروقت اطلاع نہ دینا بنیادی انسانی حقوق اور قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔
سیاسی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے علاج معالجے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری اور مکمل عمل درآمد کیا جائے، ان کی صحت سے متعلق خاندان کو باقاعدہ آگاہ رکھا جائے اور اہلِ خانہ کو ملاقات کی سہولت فراہم کی جائے۔ بشریٰ بی بی کے لیے بھی مناسب طبی سہولیات اور اہلِ خانہ سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔
سیاسی کمیٹی نے قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید مذمت کی۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے اور انہیں عمران خان سے ملاقات اور عیادت کی اجازت دی جائے۔ سیاسی کمیٹی نے کہا کہ خاندان کو اپنے عزیز کی خیریت دریافت کرنے اور ملاقات کرنے کے بنیادی حق سے محروم رکھنا ناقابلِ قبول ہے۔
سیاسی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی عادل بازی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں، بالخصوص ایم پی او کے تحت ہونے والی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کو فوری رہا کیا جائے اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
کمیٹی نے ان رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جنہیں عدالتی احکامات کے تحت رہا کیے جانے کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
ایسے اقدامات قانون کی حکمرانی اور عدالتی احکامات کے احترام کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتے ہیں۔
سیاسی کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب، شاہ احد اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔ کمیٹی نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے ان کے گھروں اور خاندانوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت عمل ہے۔
پارٹی کارکنان کے گھروں پر چھاپوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور ہراساں کرنے کے واقعات کی بھی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ایسے اقدامات فوری بند کیے جائیں اور گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔
سیاسی کمیٹی نے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ امن و امان کے قیام کے ساتھ سیاسی کارکنان، عوام اور مخالف سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
سیاسی کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے بھاری بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی محدود آمدن میں گھر کا نظام چلانے سے قاصر ہے، جبکہ ضروری اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے اخراجات میں اضافے نے عوام کی مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں۔
کمیٹی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں عوام سے ہونے والی زیادتی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی 238 روپے فی کلو کے حساب سے حاصل ہونے کے باوجود صارفین کو 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، یہ عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔
متعلقہ حکام اس فرق کا فوری نوٹس لیں، قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کریں۔
سیاسی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے، بجلی کے بھاری بلوں اور اضافی مالی بوجھ میں کمی کی جائے اور ایل پی جی سمیت بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں لایا جائے۔
کمیٹی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مسلسل معاشی بوجھ ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے، نہ کہ ان کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دے۔
سیاسی کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی، جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی یا تقسیم نہیں۔ پوری جماعت عمران خان کی قیادت، ان کے نظریے اور ان کے مشن کے ساتھ متحد ہے۔ سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر پارٹی کے تمام رہنما اور کارکنان مشترکہ مقاصد کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سیاسی کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹیرینز، پارٹی کے پارلیمانی گروپ اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں بھرپور طور پر شامل رکھا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لائحۂ عمل میں پارلیمنٹیرینز کی تجاویز اور تحفظات کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
سیاسی کمیٹی نے اس مشکل سیاسی صورتِ حال میں پارٹی ڈسپلن برقرار رکھنے کو انتہائی ضروری قرار دیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پارٹی کے طے شدہ نظم و ضبط اور پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف یکساں اصولوں کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہٹ کر غیر ذمہ دارانہ بیانات اور تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ضابطے کی پابندی یقینی بنائی جائے گی تاکہ پارٹی کے اندر اتحاد، یکجہتی اور تنظیمی استحکام برقرار رہے۔
سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پارٹی کی آئندہ کی حکمتِ عملی اور مستقبل کے لائحۂ عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر کارکنان اور عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی موجودہ سیاسی دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert