امریکا اورایران کےدرمیان مذاکرات کی خبریں‘خام تیل کی قیمتوں میں3فیصد سے زیادہ کمی

برینٹ 110 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 101 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈہوا‘ہرمز کی بندش سے تیل کے عالمی ذخائر میں تقریباً 1 ارب بیرل کی کمی ہوئی ہے.ابوظہبی آئل کمپنی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی خبروں کے باعث خام تیل کی قیمتیں 3 فیصد سے زائد کی کمی ہوگئی ہے برینٹ 110 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ امریکی خام تیل 101 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا اور اماراتی مربن کی قیمت 115 ڈالر فی بیرل پر موجود ہے.
دوسری جانب ابوظبی کی سرکاری تیل کمپنی نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کے عالمی ذخائر میں تقریباً 1 ارب بیرل کی کمی ہوئی ہے جبکہ ڈیزل کے ذخائر گزشتہ 35 سال کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج رد و بدل متوقع ہے جبکہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خوشخبری سنائی ہے کہ قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے سے پیٹرول فی 15 روپے سستا ہوسکتا ہے.
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوں گے. اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سخت ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر قیمت کو نہیں بڑھنے دیا گیا اب تک 27 ارب روپے پیٹرول ریلیف کی مد میں دیے جا چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت 15 روپے فی لیٹر بڑھنی تھی لیکن وہ بوجھ ریفائنریز نے اٹھایا

WhatsApp
Get Alert