امریکی سیاست میں بھی سٹے کا بازار گرم، وسط مدتی انتخابات پر کروڑوں ڈالر داؤ پر لگ گئے

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں کھیلوں کے میدانوں میں ہار جیت پر سٹے بازی کوئی نئی بات نہیں لیکن امریکا میں اب سیاست کا میدان بھی جوئے کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے، 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل امریکی کانگریس، سینیٹ اور ریاستی گورنروں کے انتخابی نتائج پر کروڑوں ڈالر کا سٹہ لگایا جا رہا ہے۔
انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ پیش گوئی کی منڈیوں (Prediction Markets) میں بھی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں جہاں سٹے باز امیدواروں کی کامیابی، سیاسی جماعتوں کی اکثریت اور انتخابی نتائج کے مختلف امکانات پر جواری بڑے پیمانے پر داؤ لگا رہے ہیں، امریکا میں اس سیاسی سٹے بازی کا ایک نمایاں پلیٹ فارم کیلشی (Kalshi) ہے جو امریکی کموڈٹی فیوچرز ٹریڈنگ کمیشن (CFTC) کی نگرانی میں کام کرتا ہے، اگرچہ عام زبان میں اسے سیاسی سٹے بازی اور جوا کہا جا رہا ہے تاہم کیلشی قانونی اور مالیاتی اعتبار سے اسے ایونٹ کنٹریکٹس کی خرید و فروخت قرار دیتا ہے۔
تازہ دستیاب اعدادشمار کے مطابق کیلشی کی وسیع تر انتخابی منڈیوں میں گزشتہ 30 دنوں کے دوران تقریباً 45 کروڑ 42 لاکھ ڈالر کا سٹہ لگایا گیا جبکہ صرف 31 اکتوبر کو ایک ہی دن میں تقریباً 3 کروڑ 83 لاکھ ڈالر داؤ پر لگائے گئے ہیں، ان اعداد میں امریکی وسط مدتی انتخابات کے علاوہ دیگر انتخابی منڈیاں بھی شامل ہیں، اس لیے انہیں صرف 3 نومبر کے امریکی انتخابات پر لگے سٹے کی مجموعی رقم قرار نہیں دیا جا سکتا۔
امریکا میں 3 نومبر کو کانگریس کی 435، سینیٹ کی 35 اور ریاستی گورنروں کی 36 نشستوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ان میں بعض ریاستوں کے مقابلے اس قدر سخت ہیں کہ روایتی عوامی سرویز کے ساتھ ساتھ سٹے کی منڈیوں میں بھی ان کے نتائج پر بھاری رقوم داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔
کیلشی پر ایوانِ نمائندگان کےکنٹرول سے متعلق ایک منڈی میں تقریباً 17 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کا سٹہ ریکارڈ کیا گیا، اس منڈی کے ایک حالیہ جائزے میں سٹے بازوں کے نزدیک ڈیموکریٹس کے ایوان پر کنٹرول کا امکان تقریباً 93 فیصد اور ری پبلکنز کا تقریباً 7 فیصد تھا۔ سینیٹ کے مجموعی کنٹرول سے متعلق کیلشی کی نمایاں منڈی میں تقریباً 13 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کا سٹہ لگا جہاں اس وقت ڈیموکریٹک کنٹرول کا امکان تقریباً 72 فیصد اور ری پبلکن کنٹرول کا 28 فیصد تھا۔
سینیٹ سے متعلق ایک اور منڈی میں تقریباً 2 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کا سٹہ بھی ظاہر ہوا، یہ الگ الگ منڈیاں ہیں، اس لیے ان کی رقوم کو ایک ہی داؤ کا حصہ نہیں سمجھنا چاہیے۔
ان اعداد نے امریکی سیاست کا ایک نیا پہلو نمایاں کیا ہے جہاں انتخابی نتائج صرف سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹروں کے لیے ہی نہیں بلکہ اپنی رقم داؤ پر لگانے والے جواریوں کے لیے بھی اہم بن چکی ہیں۔
سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا مقابلہ ٹیکساس کی سینیٹ نشست کا ہے جہاں ڈیموکریٹک امیدوار جیمز ٹیلاریکو اور ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن آمنے سامنے ہیں کیلشی کے مطابق اس ایک مقابلے پر تقریباً 6 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کا سٹہ لگ چکا ہے جبکہ ایک حالیہ جائزے میں سٹے بازوں نے ٹیلاریکو کی جیت کا امکان 69 فیصد اور پیکسٹن کا 31 فیصد لگایا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیکساس جیسی روایتی طور پر ریڈ ری پبلکن رجحان رکھنے والی ریاست میں اس مرتبہ سینیٹ کی نشست قومی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے سٹے کی منڈی میں ظاہر ہونے والے امکانات اور روایتی عوامی سرویز کے درمیان فرق بھی سیاسی تجزیہ کاروں کے لیے توجہ طلب ہے
ٹیکساس کے گورنر کے انتخاب میں موجودہ ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ اور ڈیموکریٹک امیدوار جینا ہینوہوزا کے درمیان مقابلہ ہے کیلشی پر سٹے بازوں نے ایبٹ کی کامیابی کا امکان تقریباً 66 فیصد اور ہینوہوزا کا 34 فیصد لگایا ہے یوں ٹیکساس کی سینیٹ اور گورنر کی دو الگ نشستوں پر جواریوں کے اندازے بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔
ٹیکساس کے علاوہ مین، اوہائیو، مشی گن، آئیووا اور کنساس کی سینیٹ نشستوں پر بھی سٹے بازوں کی خاصی دلچسپی ہے ریاست مین میں ڈیموکریٹک امیدوار ٹرائے جیکسن اور ری پبلکن سینیٹر سوزن کولنز کے مقابلے پر تقریباً ایک کروڑ 65 لاکھ ڈالر کا سٹہ لگا، جہاں ایک جائزے میں جیکسن کی جیت کا امکان 69 فیصد اور کولنز کا 31 فیصد تھا۔
ریاست مشی گن میں عبدالسید اور مائیک راجرز، اوہائیو میں شیروڈ براؤن اور جان ہسٹڈ، آئیووا میں جوش ٹیورک اور ایشلے ہنسن، جبکہ کنساس میں ایڈم ہیملٹن اور راجر مارشل کے مقابلوں پر بھی سٹے بازی جاری ہے۔ ان ریاستوں میں عوامی سرویز کے نتائج اور انتخابی مہم کے دوران رونما ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ سٹے کے بھاؤ بھی اوپر نیچے ہو رہے ہیں۔
امریکا کی 50 ریاستوں میں گورنروں کے عہدے کیلئے 36 ریاستوں میں انتخابات بھی اس جوئے سے باہر نہیں، اوہائیو میں ڈیموکریٹک امیدوار ایمی ایکٹن اور ری پبلکن وویک راماسوامی کے مقابلے پر تقریباً 76 لاکھ ڈالر کا سٹہ لگا جہاں ایکٹن کی جیت کا امکان 79 فیصد اور راماسوامی کا 21 فیصد لگایا گیا۔ فلوریڈا میں ری پبلکن بائرن ڈونلڈز اور ڈیموکریٹ ڈیوڈ جولی کے مقابلے کے ساتھ ساتھ جارجیا، نیواڈا، کنساس اور دیگر مسابقتی ریاستوں کے گورنر انتخابات بھی سٹے بازوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
کیلشی پر یہ سٹہ کس طرح لگتا ہے؟
کیلشی پر یہ سٹہ کس طرح لگتا ہے؟ طریقہ یہ ہے کہ جواری کسی انتخابی نتیجے پر “ہاں” یا “نہیں” کا کنٹریکٹ خریدتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر کسی امیدوار کی جیت کا کنٹریکٹ 70 سینٹ میں خریدا جائے اور وہ امیدوار جیت جائے تو کنٹریکٹ ایک ڈالر کا ہو جاتا ہے، اور خریداری کی قیمت اور فیس نکال کر سٹے باز کو منافع ملتا ہے لیکن اگر اندازہ غلط نکلے تو کنٹریکٹ صفر ہو جاتا ہے اور جواری اپنی پوری رقم اور فیس سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے
یہی وجہ ہے کہ کچھ سٹے باز کسی امیدوار کی جیت پر داؤ لگاتے ہیں جبکہ دوسرے اس کی ہار پر۔ انتخابی مہم کے دوران نئے سرویز، امیدواروں کے بیانات اور دیگر سیاسی پیش رفت کے ساتھ سٹے کے بھاؤ مسلسل بدلتے رہتے ہیں۔
تاہم ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے۔ کیلشی پر دکھایا جانے والا 70 فیصد امکان اس بات کی ضمانت نہیں کہ امیدوار 70 فیصد ووٹ لے گا۔ یہ کسی خاص وقت میں سٹے بازوں کے لین دین سے بننے والا بھاؤ ہے، جو نتائج سے پہلے بدل بھی سکتا ہے اسی طرح کسی منڈی میں پانچ کروڑ ڈالر کے سٹے کا مطلب یہ نہیں کہ پوری رقم ایک ہی امیدوار کی جیت پر لگی ہے اس میں مختلف سمتوں میں لگنے والے داؤ اور ایک ہی کنٹریکٹ کی بار بار خرید و فروخت بھی شامل ہوتی ہے
امریکی سیاست میں سٹے بازی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔ حامیوں کے نزدیک یہ منڈیاں مختلف معلومات اور توقعات کو ایک بھاؤ میں سمو کر انتخابی صورتحال کا اضافی اشارہ دیتی ہیں، ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے بڑے سرمایہ داروں کا اثر بڑھتا ہے اور جمہوری عمل محض نفع و نقصان کا کھیل بن کر رہ جاتا ہے۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد درست داؤ لگانے والے سٹے بازوں جواریوں کو منافع حاصل ہوگا جبکہ غلط اندازہ لگانے والے جواری اپنی رقم سے محروم ہو جائیں گے گویا اسطرح کھیلوں کے میدانوں کی طرح اب امریکی سیاست کے میدان میں بھی ہار جیت کے ساتھ جوئے کا نفع و نقصان بھی جڑ چکا ہے۔
3 نومبر کو ووٹرز اپنے نمائندوں اور گورنروں کا فیصلہ کریں گے لیکن اسی دن سٹے بازوں کی نظریں بھی نتائج پر جمی ہونگیں، ایک طرف امیدوار ووٹوں کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے نتائج پر داؤ لگانے والے جواریوں کیلئے بھی فیصلے کی گھڑی قریب آ رہی ہے۔ اسطرح 3 نومبر کے انتخابات کچھ جواریوں کے لیے منافع کا موقع اور کچھ کے لیے بھاری نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
