مسٹر پتلو کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق نہیں کر سکتی، عظمیٰ بخاری
اس کوتاہی پر ابھی ان کے خلاف ایف آئی آر ہوئی ہے، 7 لوگ گرفتار ہیں 2 لوگوں کی تلاش جاری ہے، ایک افسوسناک واقع ہے، ان کے خلاف کاروائی ہو گی، عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا؛ صوبائی وزیراطلاعات کی گفتگو

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے واقعے پر صوبائی حکومت کا مؤقف بھی سامنے آگیا، وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں میزبان وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی میں حتمی طور پر گرفتاری کی تصدیق نہیں کہہ سکتی کیونکہ میں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی اور تاحال مجھے باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں محفلِ سماع اور اجتماعات کے لیے ضابطے کے مطابق این او سی جاری کیا گیا تھا، این او سی کی شرائط کے تحت بیرونی سکیورٹی اور انتظامات کی ذمہ داری انتظامیہ کے سپورٹ پر تھی، ہال یا تقریب کے اندرونی انتظامات تمام تر منتظمین کی ذمہ داری تھے۔
مسٹر پتلو کی گرفتاری کی خبر کو ابھی کنفرم نہیں کر سکتی، اس کوتاہی پر ابھی ان کے خلاف ایف آئی آر ہوئی ہے 7 لوگ گرفتار ہیں 2 لوگوں کی تلاش جاری ہے، ایک unfortunate واقع ہے ان کے خلاف کاروائی ہو گی اور عدالت کے سامنے پیش بھی کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری https://t.co/nkTklrjSbL
— Ali Tanoli (@alitanoli889) November 3, 2026
صوبائی وزیر نے بتایا کہ غفلت اور کوتاہی برتنے پر فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جن میں سے اب تک 7 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مفرور 2 دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، میں اس کے اوپر کوئی زیادہ ذاتی کمنٹ نہیں کرنا چاہتی لیکن ایک بات بالکل درست ہے کہ اس نے اپنی شادی کو بہت زیادہ گلیمرائز کرنے کے لیے اسے ایک بڑی تقریب کے طور پر ڈکلیئر کیا، بڑے بڑے انعامات کا اعلانات کیے جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ ایک ہی جگہ اکٹھے ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور بدقسمت واقعہ ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اس کے باوجود پنجاب میں قانون کی حکمرانی اپنی جگہ برقرار ہے، قانون اپنا راستہ ہمیشہ خود لیتا ہے، اس سانحے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور تمام ذمہ داران کو کٹہرے میں لا کر کورٹ آف لا کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس قسم کی لاپرواہی کی روک تھام کی جا سکے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ میں سوشل میڈیا پر مسٹر پتلو کے نام سے مشہور ٹک ٹاکر نے اپنی شادی کی مہندی کی تقریب کا انعقاد کیا تھا، اس تقریب کو پرکشش بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر عوام کو مدعو کیا گیا تھا اور تقریب میں مختلف انعامات اور قرعہ اندازی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، انعامات کی لالچ اور سوشل میڈیا کے سحر میں مبتلا ہو کر ہزاروں کی تعداد میں عام شہری اور مداح ایک ہی مقام پر امڈ آئے، ہجوم کے بے قابو ہونے اور مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث وہاں شدید بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
