پنجاب حکومت نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اسکیم کیلئے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیدی
اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پر17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹر ہوچکے، اسکیم کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل ہوگئے، ایک لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرض کی دوسری قسط مل گئی؛ وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اسکیم ے تحت نئی درخواستیں طلب کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروجیکٹ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران صوبے کے بے گھر اور غریب عوام کو چھت فراہم کرنے کے اس فلیگ شپ پروگرام کی اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے عوامی پذیرائی کے پیشِ نظر اسکیم کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر کے آفیشل پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جو اس اسکیم کی مقبولیت اور عوامی ضرورت کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس فلاحی پروجیکٹ کے تحت اب تک صوبہ بھر میں ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر کامیابی کے ساتھ مکمل کیے جا چکے ہیں، جب کہ اس وقت بھی 62 ہزار 600 سے زائد گھر انتہائی تیزی کے ساتھ تکمیل کے آخری مراحل کی طرف گامزن ہیں۔
قرضوں کی فراہمی اور ادائیگیوں کے حوالے سے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 71 ہزار 597 مستحق افراد کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے کی دوسری قسط بھی کامیابی سے منتقل کی جا چکی ہے، اس کے علاوہ حکومت کو اس اسکیم کے تحت اب تک 22.29 ارب روپے کے قرضوں کی اقساط باقاعدگی سے وصول ہو چکی ہیں، مزید درخواست دہندگان کو ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ وہ بغیر کسی مالی رکاوٹ کے اپنے ذاتی گھروں کی تعمیر کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پروجیکٹ کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے معیار کو ہر صورت بلند رکھا جائے اور فنڈز کی شفاف اور بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے، عوام کا حکومت پر اعتماد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ غریب طبقے کے لیے ہاؤسنگ کے اس عمل کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوسکیں، نئی درخواستیں کھلنے سے ان تمام شہریوں کو ایک بار پھر موقع ملے گا جو پچھلے مرحلے میں اپلائی نہیں کر پائے تھے۔
