موبی لنک بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ اور صنفی مساوات کے فروغ میں نمایاں کامیابی، سی ایف اے سوسائٹی پاکستان میں دو ایوارڈز حاصل کر لیے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کے نمایاں مائیکروفنانس بینک ،موبی لنک بینک نے سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کے 23ویں سالانہ ایکسی لینس ایوارڈز میں مسلسل چوتھے سال ٹیلی کمیونیکیشنزکی کیٹگری میں سال 2025 کیلئے ”بہترین ڈیجیٹل بینکنگ سروسز ”کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ بینک کو نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز کی کیٹگری میں جینڈر ڈائیورسٹی ایوارڈ مالی سال 2026 سے بھی نوازا گیا۔ یہ دونوں اعزازات موبی لنک بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ میں پیش رفت اور ایک جامع و متنوع ماحول کے فروغ کے لیے عزم کا عکاس ہیں۔
ڈیجیٹل بینکنگ ایوارڈ موبی لنک بینک کی ڈیجیٹل حکمت عملی کے تحت پاکستان کے لاکھوں افراد کو محفوظ، آسان اور جدید مالی خدمات کی فراہمی کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ موبی لنک بینک اور جاز کیش کے مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے 2.3ملین سے زائد مرچنٹس اور ایجنٹس کے ملک گیر نیٹ ورک کے ساتھ 67ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔گزشتہ سال موبی لنک بینک نے اپنے ڈیجیٹل اسلامک بینکنگ آپریشنز کا بھی آغاز کیاہے ۔ بینک دوست ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل صارفین کی تعدادمیں اضافہ ، چھوٹے اور پسماندہ طبقات کیلئے رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔
جینڈر ڈائیورسٹی ایوارڈ کام کی جامع جگہ کی تشکیل کےلئے موبی لنک بینک کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ موبی لنک بینک میں اس وقت 44فیصد خواتین سینئر لیڈرشپ کے عہدوں پر کام کررہی ہیں ۔موبی لنک بینک خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح وبہبود کےلئے بھی کام کر رہا ہے ۔ بینک 23ملین سے زائد خواتین صارفین اور5ملین سے زائد خواتین قرض داروں کو خدمات فراہم کر رہا ہے جبکہ خواتین کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 163 بلین روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ مالی خدمات تک رسائی کے علاوہ بینک نے 31,000خواتین کو مالی خواندگی میں تربیت فراہم کی ہے۔WIN انکیوبیٹر خواتین کی سربراہی میں چلنے والے کاروباروں کو تربیت، رہنمائی اور ترقی کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک خواتین کے 28 اسٹارٹ اپس کی کامیاب تربیت مکمل ہو چکی ہے۔

کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے عامرابراہیم، چیئرمین موبی لنک بینک اور سی ای او جاز ورلڈ،نےکہا”مسلسل چوتھے سال بہترین ڈیجیٹل بینکنگ سروسز کا ایوارڈ ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ لاکھوں صارفین موبی لنک بینک پر اعتماد کرتے ہیں ۔بینک کی ٹیم ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔جینڈر ڈائیورسٹی ایوارڈ ہمارے اس عزم کا مظہرہے کہ ہم ایسا ادارہ بنائیں جہاں ہر فرد کو آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کے یکساں مواقع ملیں۔ یہ تمام اعزازات عوام کو مالیاتی سہولیات تک بہتر رسائی دینے اور پاکستانی شہریوں کے لیے معاشی ترقی کے مزید مواقع پیدا کرنے کے ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔”
حارث محمود چوہدری، صدر و سی ای او موبی لنک بینک نے کہا “سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کی طرف سے مسلسل چوتھی بار ایوارڈ اس بات کا مظہر ہے کہ ہم درست سمت کی طرف گامزن ہیں ۔ ہمارا ڈیجیٹل نظام، ہماری ٹیم اورمساوی مواقع فراہم کرنے کا عزم پاکستان میں ایک ایسے جامع مالی نظام کی تشکیل کے مقصد کا حصہ ہیں جو چھوٹے کاروباروں اور خواتین کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکے ۔ یہ اعزازہمارے لیے حوصلہ افزا ہیں لیکن یہ اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ اب ہمیں مزید بہتر کام کرنا ہوگا۔”
موبی لنک بینک کو حال ہی میں یو این ویمن 2026ایشیا پیسیفک ڈبلیو ای پیز ایوارڈز میں کمیونٹی انگیجمنٹ اینڈ پارٹنرشپس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے جو جامع شراکت داریوں اور کمیونٹی کی سطح پر اقدامات کے ذریعے خواتین کی معاشی شمولیت کو فروغ دینے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔
