ٹی وی شو میں گرما گرم بحث؛ وسیم بادامی اور ترجمان پنجاب حکومت کوثر کاظمی کے درمیان دلچسپ مکالمہ

پروگرام کے دوران دونوں شخصیات کے مابین صحافتی اصولوں، الزامات کے ثبوتوں اور سیاسی بیانیے کی بنیاد پر لگائے جانے والے الزامات پر کھل کر بحث کی گئی


لاہور(قدرت روزنامہ)حکومتِ پنجاب کے ترجمان کوثر کاظمی اور اینکرپرسن وسیم بادامی کے درمیان صحافتی اصولوں اور مبینہ کرپشن اور سیاسی الزامات کے حوالے سے ایک انتہائی دلچسپ، تند و تلخ اور گرما گرم مباحثہ دیکھنے میں آیا، پروگرام کے دوران دونوں شخصیات کے مابین صحافیانہ اصولوں، الزامات کے ثبوتوں اور سیاسی بیانیے کی بنیاد پر کھل کر بحث ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پروگرام کے دوران اس بحث کا اغاز اس وقت ہوا جب کوثر کاظمی نے چوہدری سالک حسین کے پنجاب حکومت پر کرپشن کے حالیہ الزامات پر مؤقف اپنایا کہ ایک انٹرویو میں اگر کسی پر الزام لگتا ہے تو جس پر الزام لگا اس کا موقف لیئے بغیر میں انٹرویو نشر نہیں کروں گا، اس پر وسیم بادامی نے سوال کیا کہ اگر حکومتی جماعت کی جانب سے مسلسل پریس کانفرنسوں میں یہ دعویٰ کیا جائے کہ سابقہ خیبرپختونخواہ حکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں تو کیا صحافیانہ اعتبار سے بغیر حتمی ثبوتوں کے ایسی خبروں کو نشر کرنا درست ہے؟۔
اس پر کوثر کاظمی نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ حقائق اور مخصوص مثالوں کی بنیاد پر بات کی ہے، سابقہ دور میں گندم کے گوداموں سے غلہ غائب ہو کر وہاں سے پتھر اور اینٹیں برآمد ہوئیں، جب کہ محکمہ صحت کے امور میں بیرونِ ملک بیٹھ کر معاملات چلانے کے شواہد موجود ہیں۔


تاہم یہ بحث اس وقت مزید شدت اختیار کرگئی جب وسیم بادامی نے اس بات پر زور دیا کہ عدالت سے کسی بھی الزام کے ثابت ہوئے بغیر اس طرح کے دعوے محض الزامات کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر کوئی سیاستدان یا ترجمان یہ کہے کہ وہ الزام عائد کرتا ہے اور مخالفین اسے جھوٹا ثابت کریں، تو یہ صحافتی اور قانونی اصولوں کے برعکس ہے، اگر کوئی شخص یہ کہہ دے کہ کوثر کاظمی نے اتنے ارب روپے کی کرپشن کی ہے، اب وہ خود کو سچا ثابت کریں، تو کیا محض یہ کہہ دینا کافی ہوگا؟۔
کوثر کاظمی نے پورے وثوق کے ساتھ دعویٰ کیا کہ بطور ترجمانِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب پوری ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ سابقہ دورِ حکومت میں پرویز الہیٰ نے محض ایک ہی دن میں پنک سالٹ کے تمام ٹھیکے اپنے قریبی عزیزوں کو نواز دیئے، اس پر میزبان وسیم بادامی نے اس طرزِ عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی شخص کسی پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردے اور یہ کہہ دے کہ مجھے جھوٹا ثابت کرو ورنہ میں مان لوں گا، تو کیا اس قسم کی دلیل اور طریقہ کار کافی ہے اور بس بات ختم ہو گئی؟۔
وسیم بادامی کے اس سخت سوال پر دفاعی پوزیشن اختیار کرتے ہوئے کوثر کاظمی نے صفائی پیش کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ میں یہ ہرگز نہیں کہہ رہا کہ میرے پاس ثبوت نہیں ہیں، وسیم صرف پانچ سیکنڈ کے لیے میری بات سنیں اور بتائیں کہ کیا میں نے اپنی پوری گفتگو میں کہیں بھی یہ اعتراف کیا کہ میرے پاس شواہد موجود نہیں ہیں؟ اس حوالے سے کہانیاں اور باتیں بہت ہیں۔
میزبان وسیم بادامی نے اس تاویل کو مسترد کرتے ہوئے یاد دلایا کہ چوہدری سالک حسین نے بعد میں ان کے اپنے ہی انٹرویو میں یہ کہہ دیا تھا کہ انہوں نے چیزیں دیکھی ہیں، چوہدری سالک نے انٹرویو کے دوران یہ تصدیق کی تھی کہ انہوں نے چیزیں خود دیکھی ہیں اور یہ صرف سنی سنائی بات نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert