یوسی ڈیتھ سرٹیفکیٹ سے کیا شناختی کارڈ منسوخ ہوجاتا ہے؟ نادرا کی وضاحت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان نے انتقال کر جانے والے شہری کے یوسی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر شناختی کارڈ منسوخ ہونے سے متعلق اہم وضاحت جاری کردی۔
ایک پوڈکاسٹ میں ترجمان سید شباہت علی سے سوال پوچھا گیا کہ کیا نادرا اپنے طور پر یونین کونسل کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر شناختی کارڈ منسوخ کردیتا ہے؟
جس پر ان کا جواب تھا کہ یونین کونسل کی جانب سے کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر اس کا شناختی کارڈ خودکار طور پر منسوخ نہیں کیا جاتا، بلکہ متعلقہ ریکارڈ کی بنیاد پر شناختی کارڈ عارضی طور پر غیرفعال ہوجاتا ہے، جبکہ شناختی کارڈ کی باقاعدہ منسوخی کے لیے الگ طریقہ کار اختیار کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یوسی ریکارڈ میں کسی شخص کو متوفی قرار دیے جانے اور نادرا کی جانب سے اس کا شناختی کارڈ منسوخ کرنے کے مراحل الگ الگ ہیں۔
یونین کونسل کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر نادرا کو صرف یہ اطلاع ملتی ہے کہ متعلقہ شخص کو مقامی سرکاری ریکارڈ میں متوفی ظاہر کیا جاچکا ہے۔ جس کے بعد اس کا شناختی کارڈ منسوخ کرانے کے لیے اہل خانہ یا قریبی رشتہ دار نادرا سے رجوع کرسکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق شناختی کارڈ کی منسوخی کے لیے درخواست دینے والے رشتہ دار کی بائیومیٹرک تصدیق کی جاتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ درخواست گزار واقعی متوفی کے خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کا حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert